مطالبات کی عدم تکمیل پر ہڑتال کردینے پٹرول پمپ ڈیلرس کا انتباہ

   

حیدرآباد 26 مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں پٹرول پمپ ڈیلرس اسوسیشن نے مرکزی حکومت کے علاوہ متعلقہ اداروں کو مکتوب روانہ کرکے اندرون 10یوم ان کے مطالبات کی یکسوئی نہ کرنے پر ہڑتال کا انتباہ دیا اور کہا جار ہاہے کہ ہندستان پٹرولیم‘ انڈین آئیل کارپوریشن‘ بھارت پٹرولیم کے ڈیلرس نے مرکزکو نوٹس میں کہا کہ اگر ان کے مطالبات کو اندرون 10 یوم حل نہیںکیا جاتا ہے تو وہ غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا آغاز کردیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسوسیشن نے مطالبات میں سب سے اہم ڈیلرس کمیشن میں اضافہ کا مطالبہ کیا ہے جو 7 سال سے جو تھا وہی ہے اور ڈیلرس نقصانات کی پابجائی سے قاصر ہیں۔ ڈیلرس نمائندوں نے بتایا کہ حکومت سے پٹرول و ڈیزل پر ڈیلرس کو کمیشن میں اضافہ کا گذشتہ 7 سال سے مسلسل مطالبہ کیا جاتا رہا ہے لیکن حکومت سے اس میں اضافہ نہ کئے جانے سے وہ ہڑتال پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ اپوروا چندرا کمیٹی نے پٹرول پمپ ڈیلرس کمیشن میں اضافہ کی سفارش کردی ہے اور مرکزی حکومت سے ان سفارشات میں حکومت کو مشورہ دیا گیا کہ وہ ہر 6 ماہ میں ڈیلرس کے کمیشن میں اضافہ کا جائزہ لینے کمیٹی کی تشکیل میں عمل میں لائے تاکہ ڈیلرس کو مسائل سے نجات دلائی جاسکے۔ اپوروا چندرا کمیٹی کی رپورٹ میں ڈیلرس پر عائد معاشی بوجھ اور مسائل کا تذکرہ کیا گیا اور حکومت سے سفارش میں کہا گیا کہ ان کے مسائل کو حل کرنے اقدامات کئے جائیں۔ اس کے علاوہ مکتوب مطالبات میں اسوسیشن نے اچانک پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کئے جانے سے نقصان کی پابجائی کیلئے مطالبہ کیا کیونکہ اچانک پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے پٹرول پمپ ڈیلرس کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے کیونکہ پٹرول پمپ پر 10 ہزار لیٹر پٹرول اور 20 ہزار لیٹر ڈیزل کا اسٹاک ہوتا ہے جو قیمت میں کمی کے ساتھ ہی ڈیلر کو نقصان کا سبب بنتا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کو 10 یوم کی مدت کے بعد ڈیلرس پمپس محض12گھنٹے کام کریں گے اور 12گھنٹے کیلئے ہڑتال کرینگے۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ میں پمپ حکومت کو دی گئی مہلت کے ختم ہونے کے بعد صبح 6 بجے تاشام6 بجے کام کریں گے اور شام6 بجے کے بعد بند کردیئے جائیں گے۔3