معجزہ معراج النبیؐ، عظمت مصطفی ؐکی ایک عظیم دلیل

   

جلسہ معراج النبی ﷺ سے مولانا شاہ احمد نقشبندی محمدا حمد مصباحی اور دیگر کے خطابات

حیدرآباد /19 فروری ( پریس نوٹ ) مولانا محمد شاہ احمد نقشبندی الجنیدی و امیر تحریک صدائے اسلام حیدرآباد نے کہا کہ قرآن پاک نبی کریم ﷺ کا سب سے بڑا معجزہ ہے اور معراج النبی ﷺ آپ ﷺ کا دوسرا بڑا معجزہ ہے۔ ویسے تو آپ ﷺ کی ساری زندگی معجزات سے عبارت ہے ۔ ان میں قرآن پاک اور معراج النبی ﷺ دو بڑے معجزات ہیں ۔ وہ کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام قلی قطب اسٹیڈیم ہائی کورٹ میں منعقدہ جلسہ معراج النبی ﷺ سے مخاطب تھے ۔ صدارت صدر کل ہند بزم رحمت عالم جناب ایم اے مجیب ایڈوکیٹ نے کی ۔ جلسہ کا آغاز سید نورالعلی ثانی عفان کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ مولانا محمد شاہ احمد نقشبندی الجنیدی نے اپنے سلسلہ خطاب میں کہا کہ مسلمان دین میں پوری طرح داخلہ ہوجائیں ۔ دنیا اور آخرت میں کامیابی کیلئے اسلامی تعلیمات پر عمل آوری ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان نمازوں کی پابندی کریں۔ نماز مومن کی معراج ہے۔ نمازوں کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کی جائے ۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مساجد کو آباد کریں۔ تزکیہ نفس کیا جائے ۔ برائیوں سے اجتناب کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی بقا اور فلاح و بہبود دین اسلام میں ہی مضمر ہے ۔ مفتی محمد احمد مصباحی اشرفی کچھوچھ شریف نے نوجوانوں کے ضمیر کو جھنجھوڑا اور کہا کہ نوجوان اسلام کی سربلندی کیلئے آگے آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا فنا ہونے والی ہے ۔ دنیا کے پیچھے بھاگنے سے کوئی فائدہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان کو آخرت کے تصور کو ملحوظ رکھتے ہوئے زندگی گزارنی چاہئے ۔ آخرت میں کامیابی کیلئے غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے ۔ مولانا محمد عبدالستار مظہری ( ممبئی ) نے کہا کہ مسلمان نمازوں کی پابندی کریں۔ نمازوں کی ادائیگی سے قلبی سکون حاصل ہوتا ہے ۔ نماز قرب الہی کا بہترین ذریعہ ہے۔ حافظ محمد مظفر حسین خان قادری نے کہا کہ آج کی رات کو غنیمت جانتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وقت عبادتوں میں گذاریں ۔ سرپرست جلسہ مولانا سید محمود حسینی قادری الرفاعی المعروف سادات پیر بغدادی نے کہا کہ معجزہ معراج النبی ﷺ اہل حق اور اہل باطل کے درمیان خط امتیاز ہے ۔ ہم اہل سنت و جماعت معجزہ معراج کو عظمت مصطفی کی ایک عظیم دلیل کے طور پر دیکھتے اور مانتے ہیں ۔ کیونکہ حضور ﷺ کی ذات گرامی ایمان کیلئے معیار کامل کی حیثیت رکھتی ہے جس کسی مسلمان نے بلاچوں و چرا معجزہ معراج کی روشنی میں تعلیم مصطفی کو تسلیم کیا ۔ اس نے اپنے ایمان کے معیار کو مضبوط و مستحکم کیا ۔ جناب ایم اے مجیب صدر بزم کے اغراض و مقاصد کو پیش کیا ۔ مفتی محمد شمیم الزماں قادری ( مغربی بنگال ) نے مسلمانوں کے جان و مال کی حفاظت، دین و دنیا میں کامیابی کیلئے رقت انگیز دعا کی۔ قبل ازیں سید ابوبکر صدیق ، سید عثمان ، محمد ارسلان ، مولوی عظیم ، اسد اللہ شریف اور دیگر نے نعت شریف پیش کی ۔ شہ نشین پر مولانا خواجہ سید ابوتراب شاہ قادری چشتی یمنی بندہ نوازی تراب قدیری ، مفتی محمد صلاح الدین نظامیؒ اور مولانا حافظ سید وسیم الدین احمد اسدی قادری شمیمی بھی موجود تھے ۔ محمد مصطفی خان قادری نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ جی ایم معراج ، حافظ محمد ساجد احمد قادری اور دیگر نے انتظامات کئے ۔