معذور مسلم بچوں کی اسلامی طرز پر تربیت کیلئے جماعت اسلامی کی خدمات

   

آئیڈیل انفارمیشن سنٹر برائے معذورین کی دعوت افطار، محمد علی شبیر اور خالد مبشرالظفر کی شرکت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ (سیاست نیوز) جماعت اسلامی کے تحت معذور بچوں کے لئے کام کرنے والے ادارے آئیڈیل انفارمیشن سنٹر فار ڈس ایبلڈ کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا ۔ 2006 میں معذور طلبہ و طالبات کی بازآباد کار اور انہیں اسلامی تعلیمات سے وابستہ کرنے کیلئے قائم کردہ اس ادارہ میں قوت سماعت ، قوت گویائی اور بینائی سے محروم بچوں کے علاوہ ذہنی طور پر معذور بچوں کو دینی اور عصری تعلیم سے ہم آہنگ کیا جاتا ہے ۔ مسلم سماج سے تعلق رکھنے والے ان بچوں کی دینی اور دنیاوی تربیت میں ادارہ کا اہم رول ہے۔ ماہر اساتذہ کی نگرانی میں نہ صرف تعلیم کا انتظام ہے بلکہ اسلامی طرز زندگی ، دینی تعلیم اور اخلاقی تعلیم کی تربیت دی جاتی ہے۔ قرآن مجید کی تعلیم ان کی زبان میں دی جاتی ہے ۔ دعوت افطار میں حکومت کے مشیر برائے اقلیت محمد علی شبیر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی ۔ جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد کی جانب سے معذورین کی خدمت کیلئے ادارہ کے قیام اور اس کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے تعلیمی مظاہرہ کرنے والے طلبہ کیلئے ایک لاکھ روپئے عطیہ کا اعلان کیا۔ غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے شہدا کی یاد میں دعائیہ نظم پر معذور طلبہ کے مظاہرہ سے ہر شخص کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں۔ محمد علی شبیر نے تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں بھی اس طرح کے اسلامی ذہن سازی کے اداروں کے قیام کا مشورہ دیا ۔ امیر حلقہ جماعت اسلامی ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفر نے ادارہ کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ جناب محمد اظہرالدین معاون امیر حلقہ ، ڈاکٹر محمد مبشر احمد ناظم شہر حیدرآباد ، سکریٹری آئی آئی سی ڈی جناب ایس ایم نویدالرحمن اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔ بینائی سے محروم طلبہ نے بریل زبان میں حفظ قرآن مجید کی سعادت حاصل کی ، ایسی پانچ نابینا طالبات کو اسنادات دیئے گئے۔ 1