معظم جاہی مارکٹ کے فرنیچر گودام میں آتشزدگی

   

سات گھنٹوں تک آگ،25 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء خاکستر
حیدرآباد ۔ /17 اپریل (سیاست نیوز) قلب شہر معظم جاہی مارکٹ مالاکنٹہ چوراہا پر پیش آئے مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں فرنیچر ڈیکوریشن گودام جل کر خاکستر ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح 11.52 پر فائرکنٹرول روم کو مقامی عوام نے یہ آگاہ کیا کہ مالاکنٹہ چوراہے پر واقع ایک گودام میں آگ لگی ہے اور علاقہ میں دھواں پھیل گیا ہے ۔ آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر گولی گوڑہ ، سالارجنگ میوزیم ، سکریٹریٹ ، مشیرآباد اور صنعت نگر فائر اسٹیشنس کے پانچ فائر انجن جائے حادثہ پر پہونچ گئے اور آگ پر قابو پانے کا کام شروع کردیا ۔ آگ کی شدت اتنی تھی کہ مقامی عوام میں تشویش کی لہر دوڑگئی تھی ۔ اس واقعہ کے بعد معظم جاہی مارکٹ کے اطراف و اکناف علاقوں کی ٹریفک بری طرح متاثر ہوگئی ۔ بیگم بازار پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس عملہ بھی وہاں پہونچ گیا اور اطراف و اکناف کے تجارتی اداروں کو بھی تخلیہ کرادیا گیا ۔ سب انسپکٹر بیگم بازار کے سدھاکر نے کہا کہ مقصود خان عرف نعیم فروٹ اور فرنیچر ڈسپلے ڈیکوریشن کا گودام چلاتا ہے اور اس حادثہ میں تقریباً 25 لاکھ مالیتی اشیاء جلکر خاکستر ہوگئے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ فائر آفیسر سرینواس ریڈی نے بھی میڈیا کو بتایا کہ ڈیکوریشن گودام میں آگ لگنے کے نتیجہ میں 5 فائر انجنوں کا استعمال کیا گیا اور 7 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ۔