معمول کے بلڈ ٹسٹ کی بنیاد پر ڈینگو کیس قرار نہ دیا جائے : حکومت

   

حیدرآباد /13 ستمبر ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے وزیر صحت ای راجندر نے آج کہا کہ ڈینگو کے مثبت کیسوں کا اعلان بلڈ ٹسٹ کے ضروری پروٹوکول کے بعد ہی کیا جانا چاہئے اور یہ اعلان ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کے ذریعہ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ نرسنگ ہومس معمول کے بلڈ ٹسٹ کے بنیاد پر ڈینگو کیسوں کا اعلان کر رہے ہیں ، ایسا نہیں ہونا چاہئے ۔ راجندر نے کریم نگر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ ڈینگو یا کوئی بھی دیگر وائرل فیور سے متاثر ہونے کا اعلان ڈی ایم اینڈ ایچ او کے ذریعہ ہونا چاہئے ۔ اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی ڈینگو اور موسمی امراض کے پھیلاؤ کے الزامات عائد کر رہے ہیں ۔ اس پس منظر میں راجندر ریاست کے مختلف مقامات پر گذشتہ چند دنوں سے سرکاری دواخانوں کا دورہ کر رہے ہیں جو موجودہ صورتحال سے نمٹنے کی کوششوں کا حصہ ہے ۔