ملکاجگری لوک سبھا و کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ میں کامیابی کیلئے چیف منسٹر کی حکمت عملی

   

پارٹی قائدین کے ساتھ ریونت ریڈی کا جائزہ اجلاس ، بوتھ سطح تک کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت، ملکاجگری میں میٹرو ٹرین کا وعدہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لوک سبھا حلقہ جات کی سطح پر جائزہ اجلاسوں کا آغاز کیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے اپنے انتخابی حلقہ جوبلی ہلز کے قائدین کے ساتھ آج اجلاس منعقد کرتے ہوئے لوک سبھا چناؤ میں اس حلقہ سے کانگریس امیدوار کی بھاری ا کثریت سے کامیابی کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا ۔ اجلاس میں سابق رکن پارلیمنٹ مدہو یاشکی گوڑ ، رکن کونسل پی مہیندر ریڈی ، پی سنیتا مہیندر ریڈی ، سابق ارکان اسمبلی سدھیر ریڈی ، مینم پلی ہنمنت راؤ ، صدر ضلع کانگریس رنگا ریڈی نرسمہا ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ملکاجگری لوک سبھا حلقہ کے عوام کا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا جن کی سرپرستی کے نتیجہ میں آج میں چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں کانگریس قائدین کو خرید لیا گیا تھا لیکن کارکنوں نے مجھے اپنے کاندھے پر بٹھاکر لوک سبھا چناؤ میں کامیابی سے ہمکنار کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 2964 پولنگ بوتھس میں کانگریس کارکنوں نے فوجی جوانوں کی طرح پارٹی کی کامیابی کے لئے محنت کی تھی ۔ ملکاجگری ملک کا سب سے بڑا لوک سبھا حلقہ ہے۔ ملکاجگری سے کامیابی کے بعد میں چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں ملکاجگری لوک سبھا حلقہ سے کے سی آر کے زوال کا آغاز ہوا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کے 100 کی تکمیل کے بعد حکمرانی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ عوام سے جن 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا گیا تھا، ان میں سے 5 پر عمل آوری شروع ہوچکی ہے۔ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت ، آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج ، 500 روپئے میں پکوان گیس سلنڈر اور 200 یونٹ برقی سربراہی پر عمل آوری شروع ہوچکی ہے ۔ حکومت نے تین ماہ میں 30,000 سے زائد سرکاری جائیدادوں پر تقرر کئے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مرکز کی جانب سے ملکاجگری حلقہ کو نظر انداز کئے جانے کے باوجود ریاستی حکومت نے کئی ترقیاتی منصوبے تیار کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ، ایم ایم ٹی ایس جیسے پراجکٹس کے آغاز کیلئے عوام کو چاہئے ملکاجگری سے کانگریس کو منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی چناؤ میں ملکاجگری لوک سبھا حلقہ میں نتائج توقع کے مطابق نہیں رہے۔ 8 اسمبلی حلقہ جات میں کم از کم 4 حلقوں میں کامیابی کے ذریعہ ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کی ترقی کیلئے کانگریس کی کامیابی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکاجگری کے علاوہ کنٹونمنٹ کے ضمنی چناؤ میں کانگرس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہائی کمان بہت جلد امیدوار کے نام کا اعلان کردے گا اور کامیاب بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں کارکنوں کی کمیٹیاں تشکیل دی جائے جو پولنگ بوتھ کی سطح پر رائے دہی کی نگرانی کریں ۔ چیف منسٹر نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ روزانہ عوام کے درمیان رہیں اور مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن حقیقی معنوں میں ایک طاقت ہیں جن کے ذریعہ کامیابی ممکن ہے۔ 1