ملک کے مستقبل کیلئے فیصلہ کن انتخابات: مولانا سجاد نعمانی

,

   

حق رائے دہی کا استعمال کرکے جمہوریت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرنے کی اپیل

لکھنؤ: مشہور مفسر قرآن بین الاقوامی معروف عالم دین مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہیکہ لوک سبھا انتخابات کی شروعات 19 اپریل سے ہورہی ہے۔ یہ الیکشن عام انتخابات کی طرح نہیں بلکہ یہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنے والا ہے۔ ہندوستان کا ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے میں تمام ہم وطنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ کا ہر ووٹ بہت قیمتی ہے اور اس کا اثر بہت دور تک پڑے گا۔ اس لئے آپ سب اپنا قیمتی ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ بوتھ تک ضرور جائیں۔ مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نے کہاکہ محلہ کے ذمہ دار لوگ چھوٹے چھوٹے گروپ بنالیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر 18 سال سے زیادہ عمر کا شخص ووٹ ڈالنے جائیں۔ اس کے لئے ہر گھر میں جاکر ووٹنگ کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کا کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں، یہ ملک کے مستقبل کا سوال ہے۔ مولانا نعمانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک ایک سیٹ پر کئی امیدوار ہوتے ہیں۔ ان میں ایسے بھی ہیں جنہیں جیت یا ہار سے کوئی سروکار نہیں بلکہ وہ صرف ووٹ کاٹنا چاہتے ہیں۔ اس لئے اپنے قیمتی ووٹوں کو تقسیم نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو چند پیسے لیکر ووٹ کاٹنے کا کام کرتے ہیں۔ اس لئے احتیاط کریں کہ آپ کا ووٹ تقسیم نہ ہو۔ مولانا سجاد نعمانی نے کہا کہ نفرت پھیلانے اور معاشرہ کو تقسیم کرنے والی جماعت سے تعلق رکھنے والے امیدوار کو اپنے ووٹ کی طاقت سے روکیں۔ ہر کوئی جانتا ہیکہ کونسا امیدوار جیت رہا ہے، چاہے آپ اسے ذاتی طور پر پسند نہ کریں۔ ہمیں اور آپ کو اپنی پسند اور ناپسند سے اوپر اٹھ کر دیکھنا چاہئے کہ ہمارے ملک کیلئے کیا بہتر ہے۔ ذاتی فائدہ سے زیادہ ملک کی فلاح و بہبود ضروری ہے۔ مولانا نے زور دیکر کہا کہ ہر ہندوستانی شہری صدفیصد حق رائے دہی کا استعمال کرے تاکہ ملک فرقہ پرست طاقتوں کے ہاتھ میں نہ جانے پائے۔ آپ کا ووٹ ملک کی ترقی، محبت، ہم آہنگی اور معاشرہ میں اعتماد کیلئے ہونا چاہئے۔ میں یہ اپیل وطن عزیز کی محبت میں کررہا ہوں۔ مجھے امید ہیکہ آپ سب ملک میں امن اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا اہم کردار ضرور ادا کریں گے۔