ممبئی ہوٹل والا قتل کیس،چھوٹا راجن کی ضمانت منظور

   

ممبئی: بمبئی ہائی کورٹ نے چہارشنبہ کے روز یہاں 2001 میں ہوٹل والے جئے شیٹی کے قتل کے سلسلے میں گینگسٹر چھوٹا راجن کو دی گئی عمر قید کی سزا کو معطل کر دیا اور اس کیس میں انہیں ضمانت دے دی۔.جسٹس ریوتی موہتے ڈیرے اور جسٹس پرتھوی راج چوان کی ڈویڑن بنچ نے راجن کو 1 لاکھ روپے کے بانڈ پر ضمانت دے دی۔تاہم راجن ایک اور فوجداری مقدمے کے سلسلے میں فی الحال جیل میں رہیں گے۔اس سال مئی میں ایک خصوصی عدالت نے ہوٹل والے کے قتل کیس میں راجن کو مجرم قرار دے کر عمر قید کی سزا سنائی تھی۔راجن نے سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔. انہوں نے سزا معطل کرنے اور عبوری ضمانت دینے کی درخواست کی تھی۔وسطی ممبئی کے گام دیوی میں واقع ‘گولڈن کراؤن’ ہوٹل کے مالک جئے شیٹی کو 4 مئی 2001 کو ہوٹل کی پہلی منزل پر راجن گینگ کے مبینہ ارکان نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ شیٹی کو چھوٹا راجن گینگ کے ایک رکن ہیمنت پجاری کی طرف سے بھتہ خوری کی کال موصول ہوئی تھی اور رقم ادا نہ کرنے پر قتل کر دیا گیا تھا۔راجن، جو سینئر کرائم رپورٹر جے ڈے کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں ہیں۔