نئی دہلی/ دوحہ: اردو کے معتبر محقق ، ممتاز رباعی گو، معروف ظریفانہ شاعر اور بچوں کے ادب کے ماہر ڈاکٹر ظفر کمالی کو 2022 ء کیلئے بزمِ صدف کا بین الاقوامی ادبی ایوارڈ تفویض کیا جائے گا۔ سیوان (بہار) کے شعبۂ فارسی کے استاد ڈاکٹر ظفر کمالی ہند و پاک کے ان نمایندہ لکھنے والوں میں اعتبار کا درجہ رکھتے ہیں جنھوںنے ایک ساتھ کئی اصناف میں اپنی خدمات انجام دیں۔ رباعیات، تحقیق، ادبِ اطفال اور ظریفانہ ادب جیسے مختلف ادبی و علمی شعبوں میں ان کی خدمات کا ایک عالم معترف ہے ۔ بزمِ صدف کی مرکزی ایوارڈ کمیٹی اور مرکزی گورننگ کونسل کے اراکین نے متفقہ طور پر ڈاکٹر ظفر کمالی کو ۲۰۲۲ء کے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا۔ واضح ہو کہ گذشتہ سال انھیں ادبِ اطفال کے لیے ساہتیہ اکادمی نے بھی اپنے ایوارڈ سے نوازا تھا۔ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے بزمِ صدف کے چیئرمین شہاب الدین احمد اور ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری اورنے ظفر کمالی کو ان کی خاموش ادبی خدمات کے لیے مبارک باد دی اور یہ توقع ظاہر کی کہ بزمِ صدف کے سابقہ انعام یافتگان کے معیاری سلسلے کا لازمی طور پر وہ بھی حصہ بنیں گے۔
واضح رہے کہ بزمِ صدف نے اب تک جناب جاوید دانش(2016)، مجتبیٰ حسین (2017)، باصر سلطان کاظمی(2018ء)، مظفر حنفی(2019)، غضنفر(2020)، محترمہ شاہدہ حسن(2021) کو اب تک بزمِ صدف کے بین الاقوامی ایوارڈس پیش کیے جاچکے ہیں۔ ایوارڈ تقریبات دوحہ قطر، پٹنہ اور حیدرآباد میں منعقد ہوئی ہیں، اس بار دوحہ قطر اور دوبئی میں اس کا اہتمام ہورہا ہے ۔