کولکاتہ، 8 اکتوبر (یو این آئی) مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے چہارشنبہ کے روز الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے ووٹر لسٹ کی خصوصی تفصیلی نظر ثانی (ایس آئی آر)مہم کی سخت تنقید کی اور کہا کہ یہ فیصلہ غلط وقت پر لیا گیا ہے کیونکہ اس وقت ریاست قدرتی آفات سے نمٹنے میں مصروف ہے اور تہواروں کا موسم بھی ہے ۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر گیانیش بھارتی کی قیادت میں ای سی آئی کی ایک ٹیم نے چہارشنبہ کے روز کولکاتہ میں واقع اعلیٰ انتخابی افسر کے دفتر میں ایس آئی آر کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ یہ ٹیم منگل کی رات وہاں پہنچی تھی۔ شمالی بنگال میں زمینی تودے کھسکنے کے واقعے سے متاثرہ علاقوں سے واپسی کے دوران، بنرجی نے ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست قدرتی آفات، بارش کے موسم سے نمٹ رہی ہے اور اہم تہواروں منانے میں مصروف ہے ، ایسے میں عوام سے صرف 15 دن کے اندر ایس آئی آر مہم میں حصہ لینے کی توقع کرنا غیرمناسب ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بہار میں اسی طرح کے عمل کے مکمل ہونے کے بعد انتخابی کمیشن نے مغربی بنگال میں ایس آئی آرکا عمل شروع کیا ہے اور ہدایت دی ہے کہ 15 اکتوبر تک تمام تیاریاں مکمل کی جائیں۔