منتخب عازمین حج کو دو اقساط کی ادائیگی کیلئے شیڈول جاری

   

۔15 فروری تک حج کمیٹیوں میں پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات داخل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔22 جنوری (سیاست نیوز) حج 2020ء سے منتخب 4341 عازمین حج کے لیے ابتدائی دو اقساط کی ادائیگی کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے ملک بھر کے لیے سفری اخراجات کی ادائیگی کے سلسلہ میں ابتدائی دو اقساط کی رقم طے کردی ہے جبکہ باقی رقم کا تعین فضائی کرایہ کو قطعیت دیئے جانے کے بعد کیا جائے گا۔ تلنگانہ کے لیے جاریہ سال 4341 کا کوٹہ الاٹ کیا گیا۔ 70 سال سے زائد عمر اور بغیر محرم کے خواتین کے محفوظ زمرہ جات کے تحت جملہ 472 درخواستیں داخل کی گئیں لہٰذا 3869 نشستوں کے لیے قرعہ اندازی کی گئی تھی۔ منتخب عازمین حج 15 فروری تک 81 ہزار روپئے ادا کرسکتے ہیں۔ جبکہ 15 مارچ تک انہیں ایک لاکھ 20 ہزار روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ اگر عازمین چاہیں تو ابتدائی دو اقساط بیک وقت ادا کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائٹ پر آن لائین رقم ادا کی جاسکتی ہے۔ عزیزیہ اور گرین دونوں زمرہ جات کے لیے ابتدائی دو اقساط کی رقم یکساں طے کی گئی ہے۔ عازمین حج اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ سے حج کمیٹی کے اکائونٹ میں ابتدائی اقساط کی رقم جمع کرسکتے ہیں۔ مذکورہ بینکوں کی برانچس میں بذریعہ چیک رقم ادا کی جاسکتی ہے۔ تیسری اور آخری قسط کی رقم کا تعین متعلقہ امبارگیشن پوائنٹ سے فضائی کرایہ کو طے کرنے کے بعد اعلان کیا جائے گا۔ منتخب عازمین 15 فروری تک متعلقہ ریاستی حج کمیٹیوں کے پاس پے ان سلپ، میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکیٹ کے ساتھ اوریجنل انٹرنیشنل پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات داخل کردیں۔ مذکورہ دستاویزات کے اپلوڈ کرنے کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا عازمین کے سلیکشن کو منظوری دے گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے کہا ہے کہ ابتدائی اقساط کی ادائیگی اور متعلقہ حج کمیٹیوں کو دستاویزات اور پاسپورٹس داخل کرنے کے لیے طے کی گئی تواریخ کی پابندی کی جائے بصورت دیگر نشست منسوخ کردی جائے گی۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو حج درخواست فارم کی ہارڈ کاپی، پاسپورٹ سائز فوٹوگراف، انٹرنیشنل پاسپورٹ اور اس کا زیراکس، حج درخواست فارم میں درج کردہ پتے کا پروف کے زیراکس، اقساط کی ادائیگی سے متعلق اوریجنل پیمنٹ ریسپٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور کورہیڈ کے بینک تفصیلات داخل کی جانی چاہئے۔ تلنگانہ حج کمیٹی فروری سے عازمین حج کیلئے تربیتی کلاسس کا آغاز کرے گی۔