منحرف ارکان اسمبلی کیخلاف درخواستوں کی 22 جولائی کو سماعت ہوگی

   

جوابی حلفنامہ داخل کرنے ارکان اسمبلی کو ہدایت
حیدرآباد ۔25 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بی آر ایس کے منحرف ارکان کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کو آئندہ ماہ تک ملتوی کردیا ہے ۔ بی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہوکر انحراف کرنے والے 10 ارکان اسمبلی کے خلاف داخل کی گئی شکایتوں کو اسپیکر پرساد کمار نے مسترد کردیا تھا۔ اسپیکر کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں کہا گیا کہ اسپیکر نے منحرف ارکان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے جبکہ انحراف کے سلسلہ میں مکمل ثبوت پیش کئے گئے تھے۔ بی آر ایس ارکان اسمبلی کے علاوہ بی جے پی رکن مہیشور ریڈی نے ڈی ناگیندر کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کی۔ ہائی کورٹ نے اسپیکر ٹریبونل کی جانب سے دیئے گئے فیصلہ کی تفصیلات پیش کرنے کی گزشتہ سماعت کے موقع پر ہدایت دی تھی۔ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ کی زیر قیادت بنچ نے ڈی ناگیندر اور بی کرشنا موہن کو جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے 22 جولائی کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ 2023 اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد 10 ارکان اسمبلی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچا جہاں اسپیکر کو شکایتوں کی یکسوئی کیلئے تین ماہ کی مہلت دی گئی ۔ اسپیکر کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد سپریم کورٹ نے مقدمہ کی یکسوئی کردے جس کے بعد بی آر ایس ارکان اسپیکر کے فیصلہ کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔1/k