مندر کی غیر مجاز تعمیر کی کوشش کرنے والی خاتون کیخلاف مقدمہ

   

حیدرآباد 9 جولائی (سیاست نیوز) سعیدآباد پولیس نے خواجہ باغ علاقہ میں غیر مجاز طور پر مندر کی تعمیر کی کوشش کرنے والی شرپسند خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ انسپکٹر سعیدآباد کے سرینواس کی نگرانی میں رات دیر گئے عارضی طور پر تعمیر کئے گئے مندر کے چھوٹے سے ڈھانچے کو کامیاب طور پر ہٹادیا گیا اور وہاں کی صفائی کردی گئی۔ واضح رہے کہ کل ایک خاتون کی جانب سے اچانک خواجہ باغ علاقہ میں مندر موجود ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے پوجا پاٹ شروع کردی گئی تھی جس کے بعد علاقہ میں ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ پولیس نے علاقہ میں فورس کو متعین کردیا تھا اور پیکٹس بھی تعینات کئے گئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض افراد کی جانب سے خواجہ باغ علاقہ میں اراضی کو ہڑپنے کی مسلسل کوشش کی جارہی ہے اور اِس کو فرقہ وارانہ رنگ بھی دیا جارہا ہے۔