منفرد فنکار غلام سبحانی کا 50 سالہ سفر

   

اسٹانڈ اپ کامیڈین غلام سبحانی (دیڑھ متوالے) نے 1969 میں تہذیبی دنیا میں قدم رکھا اور 2019 ان کے اس سفر کا 50 واں سال ہے جسے مختلف تہذیبی انجمن ان کا گولڈن جوبلی سال منا رہے ہیں۔ اتوار 28 جولائی کو رویندرا بھارتی تھیٹر میں غلام سبحانی کا ایک تہنیتی پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ سبحالی کا باظابطہ تہذیبی سفر ڈرامہ ’’دن کے چور‘‘ سے ہوا، جس کے سینکڑوں شو حیدرآباد، اضلاع اور ممبئی میں پیش کئے جاچکے ہیں۔ سبحانی نے ڈائرکٹر حمید عالم کے ڈرامے ’’لال نگر‘‘ اور ’’اپلم جپلم‘‘ کے علاوہ مسٹر حیدری (حال مقیم شکاگو) کے مزاحیہ ڈرامے ’’شادی کا ٹنڈر‘‘ میں بھی اہم رول ادا کیا۔ 1975 میں ’’شب ظرافت‘‘ کے زیر عنوان مزاحیہ پروگرام میں سبحانی اور حامد کمال نے ایک خاکہ پیش کیا جس کی وجہ سے ان دونوں کی جوڑی مقبول ہوگئی۔ پروگرام میں ممتاز شاعر سلیمان خطیب اور فائن آرٹس اکیڈیمی کے استاد محمد سلیمان بھی شریک تھے جبکہ سینئر ڈرامہ ڈائرکٹر قادر علی بیگ نے حامد کمال اور سبحانی کے قد کی مناسبت سے انھیں ’’دیڑھ متوالے‘‘ کے خطاب سے نوازا۔ پھر سبحانی اپنے ساتھیوں عابد علی، حامد کمال کے پیش کردہ کامیڈی شو ’’دیڑھ متوالے‘‘ کا لازمی حصہ بن گئے۔ انہوں نے ملک کے علاوہ بیرونی ممالک امریکہ، کینیڈا اور گلف میں 6000 سے زائد اسٹیج شو میں حصہ لیا۔ ’’گریٹ انڈین لافٹرر شو‘‘ میں بھی حصہ لیا اور جاوید جعفری جگدیپ اور جانی لیور جیسے اداکاروں کو اپنا مداح بنالیا۔ سبحانی سلام حیدرآباد، دلخوش، کرش حیدرآبادی، شیام بنیگل کی فلم ’’ویلڈن ابا‘‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ حامد کمال کے ساتھ ویڈیو فلم ’’دیڑھ متوالے بابا‘‘ اور ریڈی میڈ دلہا میں اداکاری کے ذریعہ سبحانی لاکھوں شائقین کے پسندیدہ فنکار بن چکے ہیں۔ غلام سبحانی کی فطری اداکاری ان کی پہچان ہے۔ اسٹیج، ریڈیو، فلم کی دنیا میں 50 سال سے یکساں مقبولیت کے حامل فنکار غلام سبحانی 28 جولائی 2019 کو رویندرا بھارتی تھیٹر میں دعوت قہقہ دینے کمربستہ ہیں۔