منوج سنہا نے شہید عادل احمد کی اہلیہ کو سرکاری نوکری دی

   

سری نگر14جون (یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کے روز پہلگام کے ہاپت نار علاقے کا دورہ کرکے وہاں پہلگام حملے میں سیاحوں کو بچانے کی کوشش کے دوران جاں بحق ہونے والے عادل احمد کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ عادل احمد کی اہلیہ کو محکمہ فشریز میں سرکاری نوکری دی گئی۔لیفٹیننٹ گورنر نے میڈیا کو بتایا: ‘یہ پہلے ہی طے کیا گیا تھا کہ عادل احمد کے اہلخانہ سے ملنا ہے ، وزارت امور داخلہ کی طرف سے جموں وکشمیر انتظامیہ کے ذریعے ان کے خاندان کو مالی امداد بھی فراہم کی گئی تھی اور بہت سی ریاستوں نے بھی مدد کی تھی۔انہوں نے کہاکہ آج ان کی اہلیہ کو محکمہ فشریز میں سرکاری نوکری دی گئی۔ان کا کہنا تھاکہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ان کے لئے انتظامیہ کا ایک تشکر ہے ، ان کے والد اور اس گائوں کے لوگوں کے ساتھ بات ہوئی وہ چاہتے ہیں کہ علاقے میں روزگار کے موقعے بڑھ جائیں اس پر غور کیا جائے گا۔