منچریال میں کورونا کا قہر بیلم پلی آئسولیشن سنٹر میں 12 اموات

   

روزانہ 500 سے زائد کیس درج ، لمحہ آخر میں ہاسپٹلس سے رجوع ، ڈاکٹرس کا دعویٰ
حیدرآباد :۔ ضلع منچریال میں کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کی گئی ہے ۔ بیلم پلی کے آئسولیشن سنٹر میں 12 افراد کی موت واقع ہوگئی ہے ۔ صرف چند گھنٹوں کے فرق میں ایک کے بعد دیگر کی موت واقع ہونے سے عوام میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے ۔ بیلم پلی ہیڈکوارٹر سنگارینی کے ایریا ہاسپٹل میں آئسولیشن سنٹر قائم کیا گیا ۔ کورونا ضلع میں قہر ڈھا رہی ہے ۔ روزانہ ضلع منچریال میں 500 سے زائد کورونا پازیٹیو کے نئے کیسیس درج ہورہے ہیں ۔ گذشتہ دو تین دن میں کئی افراد متاثر ہو کر فوت ہوئے ہیں اور نازک حالت میں آئسولیشن سنٹر میں داخل ہورہے ہیں ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثر ہوتے ہی فوری عوام آئسولیشن سنٹر نہیں پہونچ رہے سانس کی تکلیف بڑھ جانے اور آکسیجن کا لیول 50 فیصد تک گھٹ جانے کے بعد آئسولیشن سنٹر سے رجوع ہورہے ہیں جس کی وجہ سے شریک ہونے کے چند گھنٹوں میں دم توڑ رہے ہیں ۔ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 12 افراد فوت ہوئے ہیں ۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے کورونا کے مریضوں کو بچانے اور انہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے موثر طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ حکومت کی جانب سے ضلع منچریال پر خصوصی نظر رکھی گئی ہے اور ضلع کلکٹر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہاسپٹلس میں کورونا کے متاثرین کے علاج پر خصوصی توجہ دیں ۔۔