منچریال میں 3سیکنڈ تک زلزلہ کے جھٹکے

   

عوام خوف و ہراس کے عالم میں گھروں سے باہر آگئے
منچریال۔ منچریال میں دوپہر 2 بجکر 5 منٹ کے وقت 2 تا3 سیکنڈ تک زلزلہ کے خفیف جھٹکے محسوس کئے گئے۔ منچریال کے نیسور، سیتارام پلی، سری سری نگر، چونا بھٹی جو نواحی علاقے ہیں کے عوام زلزلے کے جھٹکوں کو محسوس کئے اور وہ خوف و ہراس میں اپنے گھروں سے باہر آگئے۔ منچریال میں چند گھنٹوں میں دروازوں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ بعض گھروں میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں میں بھی ان زلزلے کے جھٹکوں کو واضح طور پر دیکھا گیا۔ گھروں میں خواتین اوربچے صحن میں بیٹھے ہوئے تھے اسی دوران دو تا تین سیکنڈ تک زمین ہلنے کو محسوس کرتے ہوئے وہ سب کھڑے ہوگئے اور صحن میں آگئے یہ منظر سی سی کیمرہ میں قید ہوگیا۔ اس کے علاوہ منچریال کے مضافاتی رہائشی علاقہ سری رامپور، شرکے کالونی، امان گارڈن میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق زلزلہ کی شدت 4 درجہ ریکارڈ کی گئی اس کا مبدا کریم نگر سے 45 کیلو میٹر دور مشرقی سمت تھا۔ زلزلہ منچریال کے علاوہ رام گنڈم ، کریم نگر اور پداپلی میں بھی محسوس کیا گیا۔ تاہم منچریال میں کسی جان و مال کے نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ضلع نظم و نسق نے فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے زلزلہ کی وجہ سے ہونے والے کسی جانی یا مالی نقصان کی جانچ کررہا ہے۔ تاہم کسی بھی علاقہ سے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور عوام کو کسی ڈر یا خوف میں مبتلاء نہ ہونے کی اپیل کی ہے۔ منچریال پولیس متاثرہ علاقہ میں طلایہ گردی کررہی ہے۔