مودی ،آزادی کے بعد سے ہندوستان کا بدترین لیڈر: امریندر سنگھ

   

چندی گڑھ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہندوستان کی آزادی کے بعد سے ملک کے بدترین لیڈر کے طور پر اُبھرے ہیں۔ امریندر سنگھ کی یہ سخت تنقید اُس وقت ایک دن بعد آئی ہے جبکہ مودی نے کل ہی 1984 ء کے فسادات اور قرض معافی کے لئے کانگریس پر تنقیدیں کی تھیں۔ امریندر سنگھ نے وزیراعظم کو چیلنج کیاکہ وہ گزشتہ پانچ سال کے دوران اپنی حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا ایک ثبوت بھی پیش کریں۔ جملے باز وزیراعظم نے اِس ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ اِس ملک کا نہ ہی تانا بانا مستحکم ہے اور نہ ہی سیکولر کردار محفوظ ہے۔ اب انھیں اقتدار پر لانے کا فیصلہ عوام کے ہاتھوں میں ہے۔ اگر اُنھوں نے مودی کو اقتدار سے بیدخل کردیا تو یہ اِن کے لئے اچھا ہوگا۔ امریندر سنگھ نے حیرت کا اظہار کیاکہ آخر مودی کیا منہ لے کر عوام کے سامنے جائیں گے اور اپنے دوبارہ انتخاب کے لئے اپیل کریں گے۔