مودی محض مجھ پر تنقیدوں کیلئے دہلی سے آندھرا پردیش آئے : چندر ابابو نائیڈو

,

   

حیدرآباد /10 فروری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ محض انہیں برا بھلا کہنے کیلئے وزیر اعظم دہلی سے آندھراپردیش آئے ۔ آندھراپردیش میں مودی کے دورہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نائیڈو نے بھی آج سیاہ شرٹ زیب تن کیا تھا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے آندھراپردیش کے ساتھ ناانصافی کی ۔ نائیڈو نے کہاکہ گنٹور میں وزیر اعظم نے برا بھلا کہہ کر راہ فرار اختیار کی ۔ انہوں نے کہا کہ برا بھلا کہنا بہت آسان ہے لیکن ریاست سے انصاف کرنا مشکل ہے ۔ آندھراپردیش کی تقسیم کا تذکرہ کرتے ہوئے چندرا بابو نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے جب ریاست کی تقسیم عمل میں لائی جارہی تھی تب بی جے پی نے بھی کانگریس کی تائید کی اور اس معاملہ میں دونوں ہی پارٹیوں پر مکمل ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور زیادہ بی جے پی پر عائد ہوتی ہے کیونکہ فی الوقت وہ مرکز میں برسر اقتدار ہے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ماں کو ختم کرکے بچوں کو بچائیں گے ؟ لیکن مودی نے اسی ماں کے ساتھ دغا بازی اور دھوکہ بازی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کا مطالبہ کرنا غلط نہیں ہے ۔ لہذا مودی نے انصاف کی بجائے الٹا ان پر حملہ کر رہے ہیں ۔ لیکن ہم اس کا جواب دینگے ۔ نائیڈو نے کہا کہ ان کے مودی کے ساتھ ذاتی اختلافات نہیں لیکن ریاستی مفادات کیلئے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ صدر تلگودیشم نے کہاکہ بحیثیت چیف منسٹر مودی نے گجرات میں مسلمانوں کو ہلاک کرکے خون کی ہولی کھیلی تھی۔ تب انہوں نے مودی سے استعفی کا مطالبہ کیا تھا اور اس مطالبہ کو دل میں رکھ کر آج ان کو برا بھلا کہنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ سیکولر ہندوستان جیسے ملک میں قتل و خون کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ لہذا مودی آندھراپردیش کے ساتھ انتقامی رویہ اختیار کرکے غیر منصفانہ اقدامات کر رہے ہیں ۔