مودی نے آج فون پر پٹنائک سے تازہ ترین صورتحال کے بارے میں دریافت کیا

   

بھونیشور: وزیر اعظم نریندر مودی نے اوڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک کا ٹرین حادثے کے بحران کے دوران فوری اور موثر کارروائی کے لئے شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی نے یہ بھی کہا کہ ضرورت پڑنے پر مرکز کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔وزیر اعظم نے بحران کی اس گھڑی میں اڈیشہ کے لوگوں کے اچھے تعاون اور بروقت مدد کے لیے ان کی بھی تعریف کی۔وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ اڈیشہ کے مختلف اسپتالوں میں زخمی مسافروں کی جان بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹرز، میڈیکل کے طالب علم جان بچانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ ڈاکٹرز، طلبہ اور عام لوگ زخمیوں کے لیے خون کا عطیہ دینے کے لیے آگے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جو اس بات پر زور دیتی ہے کہ ‘ہر زندگی قیمتی ہے ‘۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن سے لے کر زخمیوں کو ہسپتال لے جانے ، علاج معالجے کے انتظامات تک ہم جان بچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔