موسیٰ اور حیڈرا انہدامی کارروائی سے قبل کل جماعتی اجلاس طلب کرنے پر زور : ہریش راؤ

   

موسیٰ ندی میں پانی بہانا چاہتے ہیں یا عوام کے آنسو اور خون بہانا چاہتے ہیں ، حکومت سے وضاحت کرنے ٹی آر ایس قائد کا بیان

حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سینئیر رکن اسمبلی سابق وزیر ہریش راؤ نے موسیٰ ندی پراجکٹ میں صاف صفائی اور ترقی کے نام پر بڑے پیمانے کی انہدامی کارروائی کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے استفسار کیا کہ وہ موسیٰ ندی میں پانی بہانے کا منصوبہ تیار کررہے ہیں یا عوام کے آنسو یا خون بہانے کی تیاری کررہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کانگریس حکومت پر تلنگانہ کو بلڈوزر اسٹیٹ میں تبدیل کردینے کا الزام عائد کیا۔ مزید کسی انہدامی کارروائی سے قبل کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ تلنگانہ بھون میں ہریش راؤ نے بی آر ایس کی رکن اسمبلی سبیتا اندرا ریڈی اور بی آر ایس لیگل سیل کے نمائندوں کے ساتھ حیڈرا اور موسیٰ ندی کے متاثرین کے ساتھ ملاقات کی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ موسیٰ ندی کے اطراف و اکناف غریبوں کے مکانات کو منہدم کرتے ہوئے کانگریس حکومت بڑی بڑی عمارتیں تعمیر کرنے کی منظوریاں دینے کی سازش کررہی ہے ۔ جس کو بی آر ایس پارٹی ہرگز قبول نہیں کرے گی ۔ بی آر ایس ارکان اسمبلی کا ایک وفد بہت جلد متاثرین کے قریب پہونچکر ان سے ملاقات کرے گا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر کے دور حکومت میں عوام کو کبھی پریشان نہیں کیا گیا ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے غلط فیصلوں سے عوام مشکلات کا شکار ہورہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ ان وعدوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے انہدامی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر اپنے غلط فیصلوں سے حیدرآباد کی تہذیب و تمدن کو نقصان پہونچا رہے ہیں ۔ انہوں نے موسیٰ انہدامی کارروائی سے قبل کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کے بعد ہی مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔۔2