مکانات کے انہدام کو روکنے جدوجہد کا تیقن، کانگریس حکومت پر غریبوں کے خلاف کارروائی کا الزام
حیدرآباد۔/29ستمبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس ارکان اسمبلی نے سابق وزیر ہریش راؤ کی قیادت میں موسی ریور ڈیولپمنٹ پراجکٹ کے تحت متاثر ہونے والے افراد سے ملاقات کرتے ہوئے مکانات کے تحفظ کی جدوجہد کا یقین دلایا۔ ہریش راؤ نے قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن مدھو سدن چاری، ارکان مقننہ سبیتا اندرا ریڈی، سرینواس یادو، محمد محمود علی، کوشک ریڈی ، ملاریڈی اور دیگر قائدین کے ہمراہ حیدرشاہ کوٹ علاقہ میں حیڈرا اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے مکانات کے انہدام کے اندیشہ کے تحت پریشان حال خاندانوں سے ملاقات کی۔ عوام نے بی آر ایس قائدین کو بتایا کہ بلدی حکام کی جانب سے تخلیہ کی دھمکی دی جارہی ہے اور مکانات کو جلد ہی منہدم کرنے کا منصوبہ ہے۔ عوام کی کثیر تعداد نے موسی ندی ترقیاتی پراجکٹ کے نتیجہ میں غریبوں کے مکانات کو منہدم کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ہریش راؤ نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی تکلیف سننے کے بعد میری آنکھوں میں آنسو آرہے ہیں اور خود آپ لوگوں کی آنکھ میں آنسو ہیں لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی کو غریبوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حیڈرا کے متاثرین کے ساتھ کھڑی رہے گی اور انہیں انصاف دلانے کی جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے متاثرین سے کہا کہ وہ متحد رہیں اور حوصلہ شکن نہ ہوں۔ حکومت کی جانب سے متاثرین میں پھوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام متاثرہ خاندان متحد ہوں تو انہیں کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مکانات کو انہدام سے بچانے کیلئے بی آر ایس جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے متاثرین سے کہا کہ وہ کسی بھی مصیبت کی صورت میں بی آر ایس قائدین سے ربط پیدا کریں ہم فوری طور پر پہنچ کر آپ کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 1994 میں کانگریس برسر اقتدار تھی اور حکومت نے تمام متاثرین کو مکانات کی تعمیر کی اجازت دی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر ایف ٹی ایل علاقہ میں مکانات ہیں تو پھر تعمیر کی اجازت کیوں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بلڈوزر حکمرانی کا آغاز ہوچکا ہے۔ اندراماں راجیم کے نام پر غریبوں کو بے گھر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے متاثرہ خاندانوں کو بی آر ایس کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ اگر متاثرین متحد رہیں تو ان کے مکانات کا تحفظ ہوسکتا ہے۔ محمد محمود علی ایم ایل سی نے کہا کہ بی آر ایس قائدین اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر متاثرین کی مدد کریں گے اور انہدامی کارروائی کو روک دیا جائے گا۔ اسی دوران ملکاجگیری کے رکن اسمبلی ایم راج شیکھر ریڈی نے ایسٹ آنند باغ، ونائیک نگر اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے حیڈرا کی کارروائیوں کے متاثرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی متاثرین کے مکانات کے انہدام کو روکنے کیلئے ہر ممکن مدد کرے گی۔ بی آر ایس قائدین کی متاثرہ علاقوں کو روانگی کے موقع پر پولیس کی جانب سے روکنے کی کوشش کی گئی لیکن بی آر ایس قائدین متاثرین سے ملاقات کیلئے روانہ ہوئے۔ لنگر حوض کے قریب موسی ندی ترقیاتی پراجکٹ کے متاثرین سے ہریش راؤ نے خطاب کیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں متاثرین اپنے مسائل پیش کرنے کیلئے جمع ہوئے اور متحدہ جدوجہد کا یقین دلایا۔1