مولائے کائنات ؓ کی تعلیمات پر عمل آوری وقت کی اہم ضرورت، نوجوان نہج البلاغہ کا مطالعہ کریں۔

,

   

حیدرآباد: شہادت مولائے کائنات امام علی ؓ کے 1400سال مکمل ہونے پر سفینہ الہدایہ ٹرسٹ اور انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اینڈ عرب اسٹڈیز کے زیر اہتمام اور انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر دہلی کے تعاون سے ایک سہ روزہ کانفرنس عمل میں لائی گئی۔ اس کانفرنس سے ملک و بیرون ملک سے متعدد علماء کرام ودانشوران قوم نے حضرت سیدنا علی مرتضیٰ ؓ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر عالمی سطح پر کام کرنے والی تنظیم الجمع العالمی للتقریب بین المذاہب الاسلامیہ کے جنرل سکریٹری آیت اللہ محسن آرا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا امام علی ؓ ان پاکباز حضرات میں سے تھے جو عدل وانصاف، جو د و سخا ا ور حلم وبردباری کے عظیم پیکر تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام مشکلات کا حل ان کی تعلیمات میں مضمر ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمیں اس پر عمل پیرا ہوناچاہئے۔ کانفر نس کے کنوینر او ردہلی اقلیتی کمیشن کے چیر مین ڈاکٹر ظفر الاسلام نے اپنے استقبالیہ بیان میں کہا کہ آج ملت اسلامیہ دشمنان اسلام کی بری نظر ہے، ان سے بچنے کیلئے ہمیں مو لا علی ؓ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مولاعلی نہ صرف سب سے پہلے اسلام قبول کیا بلکہ وہ داماد رسول بھی ہیں اور سب سے زیادہ انصاف کرنے والے بھی ہیں۔ آیت اللہ عقیل الغروی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال حضرت سیدنا علی ؓ کی شہادت کے 1400سال مکمل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع خلافت راشدہ کے 1400سال پورے ہونے کا بھی ہے ایسے میں مسلمانوں کواس بات کا محاسبہ کرناچاہئے کہ خلافت راشدہ کے اختتام سے انہوں نے کیا کھویا اور کیا پایا؟سابق لیفٹنٹٹ گورنر نجیب جنگ نے اپنے بیان میں کہا کہ حضرت علی ؓ کی تعلیمات صرف اسلامی دنیا کیلئے نہ تھی بلکہ ساری دنیا کیلئے مشعل راہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے نہایت نازک ہے۔ ملت اسلامیہ کے افرا د کو ہر جگہ ستایا جارہا ہے، اس لئے کہ ہم نے تاریخ او راپنے قائدین کو محض افتخار کا ذریعہ بنالیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے خواہش کی کہ نوجوان خصوصی طور پر نہج البلاغہ کا بغور مطالعہ کریں جو صرف علم و ادب کا ہی گنجینہ نہیں ہے بلکہ اس میں فلسفہ،سیاست او رزندگی کے سارے پریشانیوں کا حل بھی اس میں موجود ہے۔