موٹر سائیکل سارقین گرفتار ، 9 لاکھ مالیتی گاڑیاں ضبط

   


حیدرآباد۔موٹر سائیکلوں کے سرقہ کی وارداتوں میں ملوث 2 سارقین کو فلک نما پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 9 لاکھ مالیتی مسروقہ گاڑیاں برآمد کرلی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر گجا راؤ بھوپال نے کہا کہ 33 سالہ محمد سراج الدین ساکن وٹے پلی فلک نما اپنے ایک ساتھی محمد حمید عرف اسلم ساکن چنتل میٹ شیورام پلی پرانے شہر میں پارک کی ہوئی موٹر سائیکلوں کو نشانہ بناتے ہوئے سرقہ کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سراج الدین سابق میں سیکورٹی گارڈ کی حیثیت سے کام کرچکا ہے اور وہ اپنے ساتھی محمد حمید کے ساتھ موٹر سائیکلوں کا سرقہ شروع کیا۔ ڈی سی پی نے کہا کہ سراج اور حمید پارک کی ہوئی گاڑیوں کی نشاندہی کرنے کے بعد انہیں نقلی چابیوںکی مدد سے کھولا کرتے اور شاہ علی بنڈہ منتقل کرنے کے بعد نمبر پلیٹ پر فرضی نمبرات کا اندراج کیا کرتے۔ فاطمہ نگر فلک نما کے ساکن محمد محسن نے فلک نما پولیس میں ان کی موٹر سائیکل کے سرقہ کی شکایت درج کروائی تھی جس کے نتیجہ میں پولیس نے سرقہ کا پتہ لگایا اور دونوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 10 مسروقہ موٹر سائیکلیں جن کی مالیت 9 لاکھ بتائی جاتی ہے ضبط کرلیا اور انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا گیا۔