مہاراشٹرا پولیس کو عصری ہتھیار وں کی تربیت کی فراہمی : ادھو ٹھاکرے

,

   

ممبئی 2 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا پولیس فورس کو تمام عصری ہتھیار اور معیاری تربیت فراہم کی جائیگی جو دشمن سے مقابلہ کیلئے ضروری ہے ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے مہاراشٹرا پولیس کے یوم تاسیس کے موقع پر مارول پولیس ٹریننگ سنٹر اندھیری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کو بڑے چیلنجس کا سامنا ہوتا ہے لیکن ریاستی حکومت اس کو بہترین ٹریننگ ‘ ہتھیار اور بہتر معیار زندگی فراہم کرنے کے اپنے عہد کی پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا آگ یبڑھ رہی ہے ۔ پولیس فورس کے سامنے چیلنجس بڑے ہیں اور جو دشمن ہمارے سامنے کھڑا ہے اس کے پاس بھی ہتھیار اور تربیت ہے ۔ اس طرح کے چیلنجس سے نمٹنے دنیا میں جو کچھ بھی بہترین سہولیات ہیں وہ مہاراشٹرا پولیس فور س کو فراہم کی جائیں گی ۔ ٹھاکرے نے کہا کہ ہماری پولیس فور س کو دشمن سے ایک قدم آگے ہونا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے عوام میں تحفظ و سلامتی کا احساس پیدا کرنے میں پولیس فورس کے رول کی ستائش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی انجام دینے والا پولیس اہلکار اپنے کام کے دباو اور تناو کو فراموش کردیتا ہے اور وہ صرف لا اینڈ آرڈر کی برقرار ی کیلئے کام کرتا ہے ۔ سبھی کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ٹریننگ ‘ ہتھیاروں اور دوسری سہولیات کے علاوہ پولیس فورس کیلئے سب سے زیادہ اہمیت کی حامل جو شیز ہے وہ حوصلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پورے فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ مہاراشٹرا پولیس میں یہ حوصلہ موجود ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے پولیس عملہ کو بہتر گھر اور دوسری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی ۔ پریڈ کے بعد ادھو ٹھاکرے نے مارول علاقہ میں پولیس اہلکاروں کیلئے مکانات فراہم کرنے عمارت کے بھومی پوجن میں بھی حصہ لیا ۔ ریاست کے ڈائرکٹر جنرل پولیس سبودھ کمار جیسوال ‘ ممبئی کے کمشنر پولیس سنجے بروے ‘ ڈائرکٹر جنرل پولیس ( ہاوزنگ ) بپن بہاری اور دوسروں نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔