مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک کو منی لانڈرنگ کیس میں 7 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیجا گیا

   

منی لانڈرنگ کیس میں مہاراشٹر حکومت کے وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر نواب ملک کو عدالت نے 7 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیجنے کی ہدایت دی ہے۔ حراست کی مدت آج یعنی 3 مارچ کو ختم ہو رہی تھی اور آج عدالت میں مدت میں توسیع کے حوالے سے سماعت ہوئی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے انل سنگھ نے بحث کی جبکہ نواب ملک کی طرف سے امیت دیسائی اور تارک سید نے بحث کی۔ خصوصی عدالت میں سماعت کا آغاز کرتے ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) انل سنگھ نے کہا کہ نواب ملک کو ای ڈی کی حراست میں طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے کچھ وقت کے لیے اسپتال میں داخل کرانا پڑا، جس کی وجہ سے مکمل انکوائری نہیں ہو سکی، ای ڈی سے 6 دن کا ریمانڈ مانگا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ملزم کی خراب صحت کی وجہ سے ای ڈی اس سے پوری طرح سے پوچھ گچھ نہیں کر پائی ہے۔ دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے نواب ملک کو 7 مارچ تک ای ڈی کی تحویل میں بھیجنے کی ہدایت دی۔