میدک کلکٹریٹ جانے کیلئے چیف منسٹر کشتی کا انتظام کرلیں

   

ڈبل بیڈ روم مکانات جانے والی سڑک جھیل میں تبدیل، کانگریس قائدین کا دورہ

میدک۔/22 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاستی کانگریس کے ترجمان اعلیٰ میاڈم بالکرشنا ، رکن پی سی سی و کونسلر میدک بلدیہ ایم انجینلو ، صدر بلاک کانگریس میدک محمد حفیظ الدین نے اپنی کانگریس ٹیم کے ہمراہ میدک انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ عمارت جس کا آئندہ ماہ افتتاح ہونے کو ہے جس کے افتتاح کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی آمد ہوگی ، انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہیئے کہ اپنے ہیلی پیاڈ سے کلکٹریٹ میں جانے کیلئے ایک ناؤ کا انتظام کرلیں کیونکہ یہ عمارت سڑک سے کم از کم 4 فیٹ اندر تعمیر کی گئی ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ مزید شدید بارش ہونے پر کلکٹریٹ عمارت میں اندر پہونچنے کیلئے پانی میں سے جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی میدک پدما دیویندر ریڈی کی قیادت میں تعمیر شدہ انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ ایک بڑے ہی ڈھلوان پر تعمیر کی گئی ہے۔ اس طرح مذکورہ قائدین نے میدک کے پلی کوٹیال کا دورہ کرتے ہوئے ڈبل بیڈ روم مکانات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈ رومس مکانات کی تمام کچی سڑکوں پر تین فٹ پانی جمع ہوگیا ہے جس کی چھتوں سے پانی ٹپک رہا ہے۔ تمام سڑکیں جھیل و دلدل میں تبدیل ہوچکی ہیں۔ جس کی وجہ سے یہاں کی عوام کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہاں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے۔ ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح عمل میں آکر قریب ایک سال ہوگیا ہے لیکن سی سی سڑکیں اور ڈرین کی تعمیر نہیں کی گئی۔اس دورہ میں دیگر قائدین مسرز جی انجینلو گوڑ، کونسلر راج لنگم، شیخ سلمان، بھکشا پتی، پربھاکر اور دیگر موجود تھے۔