میری دختر نے مسلم سے شادی کی مجھے کوئی اعتراض نہیں : کڈیم سری ہری

   

محبت کے شہر ورنگل میں بی جے پی نفرت کی دوکان کھولنے کی کوشش میں
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن اسمبلی سابق ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کہا کہ ان کی دخترحلقہ لوک سبھا ورنگل کی کانگریس امیدوارہ ڈاکٹر کڈیم کاویا کا شوہر مسلم ہونے پر اس کا بی جے پی کی جانب سے مذہبی استحصال کرتے ہوئے محبت کے شہر ورنگل میں نفرت کی دوکان کھولنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ ورنگل میں اپنی دختر کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے کڈیم سری ہری نے کہا کہ ان کی دختر کڈیم کاویا پہلی مرتبہ سیاست میں قدم رکھ رہی ہے ۔ انہیں یقین ہے عوام نے جس طرح مجھے کامیاب بنایا ہے اسی طرح میری دختر کو بھی آشیرواد دیں گے ۔ میری دختر کانگریس امیدوار بنتے ہی عوام میں مثبت ردعمل کا اظہار ہورہا ہے ۔ جس سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ۔ میری بیٹی کی نجی زندگی کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ میری دختر ڈاکٹر کڈیم کاویا نے مسلم شخص نذیر الدین سے شادی کی ہے ۔ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے ۔ اس معاملہ میں والد ہونے پر مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ لیکن بی جے پی اس کو سیاسی مسئلہ بناتے ہوئے کڈیم کاویا نذیر الدین کو کیوں ووٹ دیا جائے سوال اٹھاتے ہوئے ذات پات اور مذہب میں زہر گھولتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہیں ۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ بی جے پی 10 سال سے مرکز میں برسر اقتدار ہے ۔ بی جے پی وزیراعظم کی کارکردگی کو عوام کے درمیان پیش کرتے ہوئے ووٹ حاصل کریں مگر بی جے پی نے ایسا کوئی کارنامہ انجام نہیں دیا ۔ اس لیے مذہب کو سیاست سے جوڑتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں اور عوام سے اپیل کرتے ہیں وہ میری دختر کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے بی جے پی کو منھ توڑ جواب دیں ۔۔ 2