میر عالم پارک میں فوارہ نصب کرنے کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔12ستمبر(سیاست نیوز) پرانے شہر میں میر عالم پارک کی تعمیر کے بعد اب اس کو مزید خوبصورت بنایا جا رہا ہے ۔ اس پارک میں پانی کا فوارہ بھی لگایا جا رہا ہے ۔ اس سے عوام میں تفریح کیلئے مزید کشش پیدا ہوگی ۔ جی ایچ ایم سی نے اس کی تجویز اسٹانڈنگ کمیٹی کو منظوری کیلئے پیش کردی ہے ۔ اب اس تجویز پر اسٹانڈنگ کمیٹی میں غور ہوگا ۔ کہا گیا ہے کہ میر عالم ٹینک پارک چارمینارزون میں مختلف ترقیاتی اور تزئین کے کام جاری ہیں۔ میر عالم پارک کی تعمیر کے بعد یہاں پانی کا فورہ نصب کرنے کی اپیل کی جا رہی تھی ۔ اس طرح کی اپیلوں کے بعد جی ایچ ایم سی نے پارک میں فوارہ نصب کرنے سے اتفاق کرلیا ہے اور اس کی تجویز اسٹانڈنگ کمیٹی کو روانہ کردی گئی ہے ۔ جی ایچ ایم سی نے اس فوارہ کو ملٹی میڈیا میوزک ‘ ڈانسنگ لائیٹ وغیرہ کے ساتھ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ اس فوارہ کی جملہ لاگت 2.90 کروڑ روپئے ہوسکتی ہے ۔ اس تجویز کو بھی اسٹانڈنگ کمیٹی سے منظوری کیلئے پیش کردیا گیا ہے اور اس کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ بلدیہ حیدرآباد نے ہر زون میں دو بڑے پارکس کو ڈیولپ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور اسی کے تحت چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے اس پارک کا آغاز گذشتہ مارچ میں کیا تھا ۔