میسی کی ہیٹ ٹرک، کلوزے کے ورلڈ کپ ریکارڈ کی برابری

   

کینساس سٹی (امریکہ)، 17جون (یو این آئی) فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین گول اسکورز میں شمار ہونے والے ارجنٹینا کے کپتان اور اسٹار لیونل میسی نے الجزائرکے خلاف ہیٹ ٹرک اسکور کرکے فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے سب سے زیادہ16 گولس کے ریکارڈ کی برابری کرلی ہے ۔کلب اور ملک کے لیے 750 سے زائد گول کرنے والے میسی اب فیفا ورلڈکپ میں 27 میچوں میں16گول کر چکے ہیں۔ اسی تعداد کے گول جرمنی کے میروسلاو کلوزے نے 24 میچوں میں کیے تھے ۔ اس طرح دونوں کھلاڑی مشترکہ طور پر ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر بن گئے ہیں۔ میسی فیفا ورلڈکپ میں ارجنٹینا کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ ان کے16 میں سے سات گول قطر میں منعقدہ2022 ورلڈکپ میں آئے تھے ، جہاں ارجنٹینا نے عالمی خطاب اپنے نام کیا تھا۔ بین الاقوامی فٹبال میں بھی میسی کا ریکارڈ شاندار ہے ۔ انہوں نے 200 بین الاقوامی میچوں میں120 گول اسکورکیے ہیں اور وہ ارجنٹینا کے سب سے کامیاب گول اسکورر ہیں۔ بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں کی فہرست میں وہ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ پہلے نمبر پر پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو موجود ہیں۔ میسی سے قبل ارجنٹیناکی جانب سے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزازگیبریل باتیستوتا کے پاس تھا، جنہوں نے12 میچوں میں 10 گول کیے تھے ۔ ڈیاگو میراڈونا اورگئیلرمو اسٹیبیلے نے فی کس 8 گول کیے ہیں ۔ ورلڈ کپ کوالیفائنگ مقابلوں میں بھی میسی نے72 میچوں میں 36 گول اسکور کیے ہیں۔ لیونل میسی نے اپنا پہلا فیفا ورلڈکپ گول 2006 کے جرمنی ورلڈکپ میں سربیا و مونٹی نیگرو کے خلاف کیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر صرف 18سال اور 357 دن تھی۔ میسی متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آئے اور چند ہی منٹ بعدگول کرکے ارجنٹینا کے سب سے کم عمر ورلڈکپ گول اسکورر بنے ۔جنوبی افریقہ میں منعقدہ 2010 ورلڈکپ میں میسی پر بہت زیادہ توقعات تھیں، لیکن وہ پورے ٹورنمنٹ میں ایک بھی گول نہ کر سکے ۔ ارجنٹینا کوارٹر فائنل تک پہنچا مگر جرمنی کے سیشکست کھا گیا۔ میسی کا واحد نمایاں کردار میکسیکو کے خلاف ایک تعاون تھا۔ برازیل میں منعقدہ 2014 ورلڈکپ میں میسی نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے سات میچوں میں چارگول اور ایک تعاون کیا اور تقریباً تن تنہا ارجنٹینا کو فائنل تک پہنچایا۔ تاہم فائنل میں جرمنی نے ایک بار پھر ارجنٹیناکو 1-0سے شکست دی۔اس ٹورنمنٹ میں میسی کو بہترین کھلاڑی قرار دے کر گولڈن بال ایوارڈ سے نوازا گیا۔