میٹرو ٹرین پراجکٹ کے سبب پرانے شہر میں اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ (سیاست نیوز) پرانے شہر حیدرآباد میں میٹرو ٹرین کے سنگ بنیاد کی تقریب کے بعد سے کئی علاقوں میں اراضیات کی مانگ اور قیمتوں میں اضافہ کی اطلاعات ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جل پلی اور عمدہ ساگر جھیلوں کی اراضیات پر ناجائز قبضوں کے لئے سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں۔ یہ علاقہ میٹرو ٹرین پراجکٹ کے قریب کا ہے ، لہذا رئیل اسٹیٹ تاجروں نے اطراف کی اراضیات کے معاملات شروع کردیئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جھیلوں کی اراضیات پر قبضہ کیلئے مٹی ، ریت اور کچرے کو ڈمپ کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ ذخائر آب کی اراضی پر قبضہ کیا جاسکے۔ حکومت نے جھیلوں کی اراضیات کے تحفظ کیلئے عہدیداروں کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جل پلی اور عمدہ ساگر میں جاری غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف عنقریب کارروائی کی جائے گی۔ مقامی افراد اور جہد کاروں نے ان سرگرمیوں کے سلسلہ میں حکومت کو توجہ دلائی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ میٹرو ریل پراجکٹ کے سنگ بنیاد کے بعد میٹرو روٹ کے اطراف جائیدادوں اور اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ اراضیات کا کاروبار کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ فلک نما اور اطراف کے علاقوں میں قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔ ریونیو اور دیگر محکمہ جات کی جانب سے ناجائز قبضوں کے خلاف عنقریب کارروائی جاسکتی ہے۔ 1