میڈیکل کے انٹرنس امتحان نیٹ 2024 میں 23 لاکھ سے زائد امیدوار

   

ادارہ سیاست کے تحت ماڈل ٹسٹ اتوار 24 مارچ کو احاطہ سیاست میں مقرر
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : میڈیکل کے قومی سطح کے انٹرنس امتحان نیٹ 2024 کے لیے ریکارڈ تعداد میں 25 لاکھ سے زائد امیدواروں نے آن لائن رجسٹریشن کروایا تھا لیکن آخر میں فیس کی ادائیگی اور دیگر امور کی عدم تکمیل کے بعد کل تعداد 23,81,833 رہی جو ریکارڈ ہے ۔ سال گذشتہ 21 لاکھ کے مقابل تین لاکھ زائد ہے ۔ نیٹ میں شریک ہونے والے امیدواروں کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے ۔ میڈیکل کالجس بڑھ رہے ہیں اور نشستوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ اس سال ین ٹی اے نیٹ 5 مئی کو مقرر کیا ہے ۔ تاحال اس کی تبدیلی کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ تاہم مختلف گوشوں سے التوا کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ لوک سبھا الیکشن کی وجہ تاریخ میں تبدیلی کی بات کہی جارہی ہے ۔ لیکن حکام نے ایسی کسی بھی تبدیلی سے انکار کیا ۔ نیٹ کے ذریعہ یم بی بی ایس / بی ڈی ایس اور ہومیوپیتھی ، ایورویدک ، یونانی میں داخلے دئیے جاتے ہیں ۔ نیٹ کا امتحانی پرچہ 200 سوالات کا ہوتا ہے ۔ اس میں 180 سوالات کو حل کرنا ہوتا ہے اور نشانات جملہ 720 ہیں اور عام زمرہ میں کل تعداد کے 50 فیصد امیدواروں کے حاصل کردہ نشانات کے percentile پر ہی کامیاب / اہل قرار دیا جاتا ہے ۔ جو عموما 120-140 کے درمیان ہوتے ہیں ہر صحیح جواب کے چار نشان اور غلط جواب پر ایک نشان منہا کردیا جاتا ہے ۔ ادارہ سیاست کے تحت نیٹ کا ماڈل ٹسٹ ( تمثیلی امتحان ) اتوار 24 مارچ کو 11-30 بجے صبح محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس پر رکھا گیا ہے ۔۔