میڈی گڈہ بیاریج کے نقصانات کے قصور واروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے

   

ماہرین کی کمیٹی کی تشکیل کا خیرمقدم، نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن کا بیان

حیدرآباد۔/28 جنوری، (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے میڈی گڈہ بیاریج کے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے ماہرین کی کمیٹی کی تشکیل سے متعلق چیف منسٹر کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر جی نرنجن نے کہا کہ ماہرین کی کمیٹی ناقص تعمیرات کو بے نقاب کرے گی۔ حکومت نے میڈی گڈہ بیاریج کی ناقص تعمیرات کا جائزہ لینے کیلئے سنٹرل واٹر کمیشن، سنٹرل ڈیام سیفٹی اتھاریٹی اور انجینئرنگ کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا ہے جو کالیشورم پراجکٹ کے تحت تعمیر کئے گئے بیاریجس کا جائزہ لے گی۔ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں اور دھاندلیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ بیاریج کے نقصان کے تین ماہ گذرنے کے باوجود متعلقہ انجینئرنگ اسٹاف کا رویہ غیرذمہ دارانہ ہے۔ انجینئرنگ عہدیداروں نے عوام کے مفادات کو نظرانداز کرتے ہوئے کنٹراکٹرس کے مفادات کے تحفظ کو ترجیح دی ہے۔ کنٹراکٹرس نے پراجکٹ کی تخمینی لاگت میں بھاری اضافہ کرتے ہوئے عوامی رقومات کو لوٹا ہے۔ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کنٹراکٹرس کو تعمیراتی کام الاٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے میڈی گڈہ بیاریج کے نقصانات پر کسی کو ذمہ دار نہیں ٹہرایا اور نہ ہی ایف آئی آر درج کیا گیا۔ نرنجن نے کہا کہ ویجلینس رپورٹ کی بنیاد پر قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ تلنگانہ عوام کو نئی حکومت پر بھروسہ ہے کہ وہ پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کو دور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ پر برسر خدمت یا پھر ریٹائرڈ جج کے ذریعہ تحقیقات کا فیصلہ جلد کیا جائے۔1