نئی سڑکوں کی تعمیر اور موجودہ سڑکوں کی توسیع کی ہدایت

,

   

شہر کو چار زونس میں تقسیم کیا جاسکتا ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔ وزیر بلدی نظم ونسق و شہری ترقیات مسٹر کے ٹی راما راو نے حیدرآباد ماسٹر پلان کے مطابق مستقبل کی ضروریات کی تکمیل کیلئے نئی سڑکیں تیار کی جانی چاہئیں اور موجودہ سڑکوں کی توسیع عمل میں لائی جانی چاہئے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے جی ایچ ایم سی کے انجینئرنگ سیکشن اور دوسرے محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ مائیکرو پلاننگ پر توجہ کریں تاکہ شہر میں سڑکوں کو ترقی دی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ موثر مائیکرو پلاننگ کیلئے حیدرآباد کو چار زونس میں تقسیم کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تقسیم کے بعد زون کے اعتبار سے ایک تفصیلی رپورٹ موجودہ روڈ انفرا اسٹرکچر اور موجودہ سڑکوں کی توسیع کے تعلق سے تیار کی جاسکتی ہے ۔ اس کے مطابق مستقبل کی ضروریات کا جائزہ لے کر اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ رپورٹ میں جنکشن ڈیولپمنٹ کے منصوبوں ‘ بس شیلٹرس کی تعمیر ‘ عوامی ٹائیلٹس کی گنجائش وغیرہ کے امور کو شامل کیا جاسکتا ہے ۔ عہدیدار اس کام کیلئے ماہرین و کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں اور ایک ابتدائی رپورٹ ایک ماہ کے اندر تیار کرکے پیش کی جاسکتی ہے ۔ کمشنر بلدیہ ڈی ایس لوکیش کمار کو ہدایت دی گئی کہ وہ 100 فیٹ کی تمام سڑکوں پر ایک میڈین کی تعمیر کو یقینی بنائیں اور اس پر سبزہ زار کا اہتمام بھی کیا جائے ۔ اس کے علاوہ وزیر موصوف نے گرڈ روڈز کی پیشرفت ‘ ریڈئیل روڈز اور لنک روڈز وغیرہ کا بھی جائزہ لیا ۔ پہلے مرحلے میں جاریہ ماہ کے ختم تک 23 لنک روڈز کی تعمیر کا کام مکمل کیا جائیگا ۔ عہدیداروں نے وزیر موصوف کو اس بات سے مطلع کیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جامع روڈ مینٹیننس پروگرام کے تحت سڑکوں کی دیکھ بھال کے کام کے بہتر نتائج آنے لگے ہیں۔ گذشتہ جون کے مقابلہ میں اس سال جون میں 50 فیصد اضافی بارش ہوئی لیکن سڑکوں سے تعلق زیادہ شکایات موصول نہیں ہوئیں۔