دھرم شالہ، 12جون (یو این آئی) ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں کی ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ13 جون کو دھرم شالہ میں کھیلا جائے گا، جہاں ایک جانب نئی قیادت کے تحت میدان میں اترنے والی ہندوستانی ٹیم ہوگی، جبکہ دوسری جانب اسپن بولنگ پرانحصار کرنے والی پُراعتماد افغان ٹیم چیلنج پیش کرے گی۔ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل ہوں گے ۔ سینئر کھلاڑی ویراٹ کوہلی، روہت شرما اور ہاردک پانڈیا زخمی ہونیکے باعث دستیاب نہیں ہیں، جس کے سبب نوجوان کھلاڑیوں کو خود کو ثابت کرنے کا اہم موقع ملے گا۔ بیٹنگ لائن اپ میں یشسوی جیسوال، ایشان کشن، شریاس ایر اور تجربہ کار کے ایل راہول پر بڑی ذمہ داری ہوگی۔ راہول وکٹ کیپر کے فرائض بھی انجام دیں گے اور درمیانی اوورز میں ٹیم کو استحکام فراہم کرنے کی کوشش کریں گے ۔ لوورآرڈر میں نتیش کمار ریڈی اور واشنگٹن سندر سے آل راؤنڈ کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے ۔ بولنگ شعبے میں ہندوستان کی زیادہ تر امیدیں ارشدیپ سنگھ اور پرسدھ کرشنا پر ہوں گی تاکہ وہ ابتدائی اوورز میں وکٹیں دلا سکیں، جبکہ کلدیپ یادو مڈل اوورزکو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ ہاردک پانڈیا کی غیر موجودگی نے ہندوستان کے پارٹ ٹائم اور نئے آل راؤنڈرز پر ذمہ داری مزید بڑھا دی ہے ۔واضح رہے کہ افغانستان کے دورۂ ہندوستان2026 کا یہ پہلا ونڈے میچ کل ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم، دھرم شالہ میں کھیلا جائے گا۔دوسری جانب افغانستان ایک متوازن اور منظم ٹیم کے طور پر میدان میں اترے گا۔ ٹیم کی سب سے بڑی طاقت اس کی اسپن بولنگ ہے ، جس کی قیادت عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر راشد خان کریں گے ۔ ان کے ساتھ تجربہ کار محمد نبی اور فارم میں موجود عظمت اللہ عمرزئی بھی ٹیم کو مضبوطی فراہم کریں گے ۔ عظمت اللہ عمرزئی کی حالیہ آل راؤنڈ فارم ٹیم کو مزید گہرائی فراہم کرتی ہے ، جو افغانستان کو دونوں اننگز میں مسلسل دباؤ بنائے رکھنے کے قابل بناتی ہے ۔ ٹاپ آرڈر میں رحمن اللہ گرباز اور ابراہیم زدران سے جارحانہ شروعات کی توقع ہے ، جبکہ صدیق اللہ اٹل اور رحمت شاہ مڈل آرڈرکو استحکام فراہم کریں گے ۔ فضل حق فاروقی نئی گیند کے ساتھ فاسٹ بولنگ کی قیادت کریں گے اور دھرم شالہ کے حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ابتدائی لمحات کی سوئنگ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم کی پچ کے بارے میں امید ہے کہ یہ شروعات میں فاسٹ بولروںکو مدد فراہم کرے گی اور بعد میں بیٹرس کے لیے سازگار ہو جائے گی۔یہاں کا اوسط اسکور 280 سے 300 رنز کے درمیان رہتا ہے ۔