نئی دہلی : ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو ان کے یوم پیدائش کے موقع پرانھیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ وہ ایک سچے دیش بھکت اور سماجی ومذہبی ہم آہنگی کا استعار ہ تھے اوار اسی کے ساتھ وہ ہندوستان میں سائنسی وروحانی ترقی کے خواہاں تھے ۔انہوں نے کہا کہ سابق صدرجمہوریہ ہند اور عظیم سائنس داں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے نزدیک تعلیم کی غیر معمولی اہمیت تھی اور وہ ہندوستان کے تمام طبقات کی تعلیم پر زور دیتے تھے ، اسی وجہ سے 15 اکتوبر کو World Student’s Day کے طور بھی منایاجاتاہے ۔ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے ہندوستان کے نوجوانوں اورخاص طور پر طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواب وہ نہیں ہیں، جو آپ سوتے ہوئے دیکھتے ہیں، بلکہ وہ ہیں، جو آپ کو سونے نہیں دیتے ۔انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر کلام کا نظریہ یہ تھا کہ اساتذہ معاشرے کے معمار ہوتے ہیں اور معاشرہ اسی وقت تعلیم یافتہ بن سکتا ہے جب طلبا کو اپنے مضامین میں مہارت حاصل ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں طلبا کو زندگی کا وژن فراہم کرنا ہے اور انھیں بنیادی اخلاقی اقدار سے لیس کرنا ہے ۔