ایس ایس سی کے 6 پرچے ہوں گے، محکمہ تعلیم کا مختلف پہلوؤں پر غور
حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات کے صرف 6 پرچۂ جات ہوں گے! ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ تعلیمی سال 2020-2021 کے ایس ایس سی امتحانات میں نہ صرف 70 فیصد نصاب پرامتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا بلکہ جاریہ سال ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کرنے والوں کو 11 پرچۂ جات کے بجائے صرف 6 پرچہ تحریر کرنے ہوں گے۔ ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے سہ ماہی اور ششماہی امتحانات کو منسوخ کرنے کا ابتداء میں ہی فیصلہ کیا جاچکا ہے لیکن اب سالانہ امتحانات میں بھی تخفیف پر غور کیا جانے لگا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ تعلیم کے عہدیدارو ں کی جانب سے پرچوں کی تخفیف کے علاوہ صحیح جواب کے انتخاب کے طریقہ کار پر پرچۂ سوالات رکھنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایس ایس سی امتحانات میں ڈھائی گھنٹہ کے بجائے امیدواروں کو دیڑھ گھنٹہ کا پرچہ دیا جائے گا تاکہ کم وقت میں وہ اپنے پرچہ کو مکمل کرتے ہوئے امتحان گاہ اور مرکز سے باہر ہوجائیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق ریاست میں یکم ستمبر سے تعلیمی سال کا آغاز کیا گیا ہے اور 70 فیصد نصاب آن لائن مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اسی منصوبہ کے مطابق ایس ایس سی طلبہ کی تعلیم کا سلسلہ جاری ہے لیکن سالانہ امتحان منعقد کرنے کے فیصلہ کو قطعیت دی جاچکی ہے اورکہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جلد ہی اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ ریاست میں ایس ایس سی امتحانات 2021 کے دوران 6پرچہ رکھے جائیں گے اور ایک دن کے وقفہ سے امتحان کے انعقاد کے علاوہ دیڑھ گھنٹے میں امتحان تحریر کرنا ہوگا۔ امتحان کے وقت میں کی جانے والی کمی کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ تفصیلی جوابات تحریر کرنے کی ہدایت دئیے جانے پر امیدواروں کو وقت درکار ہوگا اسی لئے صحیح جوابات کے انتخاب پر مبنی سوالات کئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ تیسری جماعت سے نویں جماعت کے امتحانات کے انعقادکا بھی جائزہ لیا جا رہاہے اور کہاجارہا ہے کہ تمام سرکاری اور خانگی اسکولو ںمیں صرف سالانہ امتحانات منعقد ہوں گے اور سہ ماہی و ششماہی امتحانات کا کوئی انعقاد عمل میں نہیں لایا جائے گا۔ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ 70 فیصد نصاب پر مشتمل امتحانات اور مابقی 30 فیصد نشانات سرگرمیوں پر دیئے جانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔