نائیڈو کا بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت

   

نئی دہلی : نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی برسی پر دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ایک نے ملک کو بھوک اور غربت جیسی سماجی برائیوں سے پاک کرنے کا عزم کرنا چاہئے ۔اتوار کو یوم شہید کے موقع پر یہاں جاری ایک پیغام میں مسٹر نائیڈو نے کہا کہ گاندھی جی کی تحریک بنیادی طور پر سماجی، اقتصادی اور اخلاقی اصلاحات کی تحریک تھی، جس میں ملک کی ترقی کے ساتھ ساتھ کمزور طبقات اورخواتین کو شامل کیا گیا تھا۔ اس موقع پر تمام اہل وطن ملک کو بھوک اور سماجی معذوریوں جیسے غربت، جہالت، ناخواندگی، امتیازی سلوک سے نجات دلانے کا عہد کرناچاہئے ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا‘‘آج، مہاتما گاندھی کی برسی پرمیں بابائے قوم کی مقدس یاد کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہماری تحریک آزادی کو سچائی اور عدم تشدد کی اخلاقی بنیاد فراہم کی۔ باہمی ہم آہنگی، سماجی اتحاد، خود انحصاری، صفائی ستھرائی اور اپنے اردگرد کے ماحول سے ہم آہنگ طرز زندگی کو یقینی بنا کر ہم بابائے قوم کو حقیقی خراج عقیدت پیش کر سکتے ہیں۔