نارائنا سری گنیش سکندرآباد کنٹونمنٹ کے کانگریس امیدوار

   

کانگریس ہائی کمان کا اعلان، 13 مئی کو اسمبلی حلقہ کا ضمنی انتخاب

حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی ہائی کمان نے سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے نارائنا سری گنیش کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے احکامات جاری کردیئے۔ واضح رہیکہ نارائنا سری گنیش حال ہی میں بی جے پی سے کانگریس میں شامل ہوئے اور وہ 2024ء کے اسمبلی انتخابات میں اسی حلقہ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرتے ہوئے شکست سے دوچار ہوئے تھے۔ اس حلقہ کی نمائندگی کرنے والی بی آر ایس کی رکن اسمبلی لاسیانندیتا سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئی جس کے بعد ضمنی انتخابات منعقد ہورہے ہیں۔ ٹکٹ کیلئے کانگریس ہائی کمان نے پارٹی قائدین سے کئی مرحلوں کے مذاکرات کے بعد نارائنا سری گنیش کے نام کو قطعیت دی ہے۔ 13 مئی کو سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کا ضمنی انتخاب منعقد ہورہا ہے۔ سنٹرل الیکشن نے اس کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔ کانگریس کے انتخابی حکمت عملی ساز سنیل کنگولو نے سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ ضمنی انتخابات کیلئے تاحال چار سروے کروایا ہے۔ اس اسمبلی حلقہ میں مالا طبقہ ووٹرس کی اکثریت ہے اور نارائنا سری گنیش کا تعلق بھی مالا طبقہ سے ہے جس کا جائزہ لینے اور حلقہ میں عوامی مقبولیت رکھنے والے قائدین کے ناموں کا جائزہ لینے کے بعد کانگریس کے قومی صدر ملکاارجن کھرگے نے نارائنا سری گنیش کو کانگریس کا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔2