نارائن پیٹ 16جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈائل یور ایس پی پروگرام کے دوران ٹریفک کے مسائل اور غیر قانونی پارکنگ سے متعلق موصول ہونے والی متعدد شکایات کے پیش نظر ایڈیشنل ایس پی ،جناب ایم ڈی ریاض الحق نے ضلع ایس پی ، کی ہدایت کے مطابق نارائن پیٹ ضلع ہیڈکوارٹر میں ٹریفک کو منظم کرنے اور لوگوں کو آسان آمدورفت فراہم کرنے کے مقصد سے ٹاؤن کی اہم سڑکوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ٹاؤن سی آئی مسٹرشیواشنکر، ٹاؤن ایس آئی مسزتروینکٹیشورلو، ٹریفک ایس آئی مسٹرکرشنا چیتنیا کے ہمراہ صراف بازار، مین چوک تا اولڈ بس اسٹینڈ، ستیہ نارائنا چوراستہ، یادگیری روڈ اور دیگر مصروف علاقوں کا دورہ کیا اور ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دکانوں پر آنے والے صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی گاڑیاں سڑکوں کے بجائے دستیاب پارکنگ جگہوں پر کھڑی کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر موٹر وہیکل ایکٹ کے مطابق جرمانہ عائد کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں، دو پہیہ چلانے والے ہیلمٹ پہنیں، فور وہیلر سوار سیٹ بیلٹ پہنیں، نابالغوں کو گاڑیاں نہ دیں اور شراب نوشی کے بعد گاڑیاں نہ چلائیں۔ تاجروں سے بھی کہا گیا کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے سامان سڑک پر نہ رکھ کر تعاون کریں اور ٹریفک میں خلل نہ ڈالیں۔ اس پروگرام میں ٹاؤن سی آئی شیواشنکر، ٹاؤن ایس آئی وینکٹیشورلو، ٹریفک ایس آئی کرشنا چیتنیا اور پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔