نامپلی ایریا ہاسپٹل میںشیو کی مورتی برآمد ہونے کی افواہ

   


مورتی اور مندر عرصہ دراز سے موجود۔ دواخانہ انتظامیہ اور پولیس کی وضاحت

حیدرآباد۔ نامپلی ایریا ہاسپٹل میں شیو ا کی مورتی برآمد ہونے کی اطلاع بے بنیاد ہے اور یہ مورتی عرصہ دراز سے وہاں پر موجود ہے۔ ہاسپٹل میں مورتی اور قدیم مندر برآمد ہونے کی اطلاع سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر گشت کرنے کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد شروع ہوچکی تھی کہ مقامی پولیس نے اس بات کی توثیق کردی کہ یہ کوئی نئی برآمد مورتی یا مندرنہیں ہے بلکہ یہ قدیم مورتی یہاں پر طویل مدت سے موجود ہے۔ پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ وہ روزانہ اس دواخانہ میں ڈیوٹی کی غرض سے گشت لگاتے ہیں اور وہ عرصۂ دراز سے اس مورتی کو یہاں دیکھتے ہیں اسی لئے وہ وثوق کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ یہاں کوئی نئی مورتی برآمد نہیں ہوئی ہے بلکہ یہ ایک قدیم مورتی ہے۔ اسی طرح دواخانہ کے عملہ کی جانب سے بھی توثیق کی گئی کہ کوئی مندر یا مورتی برآمد نہیں ہوا ہے بلکہ یہ بہت پہلے سے یہاں موجود ہے۔ نامپلی ایریا ہاسپٹل کے حدود میں موجود اس مورتی اور مندر کے درشن کیلئے بڑی تعداد میں عوام کی تعداد پہنچنے کی اطلاع کے ساتھ ہی مقامی پولیس کی جانب سے اس با ت کی تردید کے اقدامات کئے گئے ۔ بعد ازاں حالات قابو میں آگئے ۔ دواخانہ کے طبی عملہ کے علاوہ ڈاکٹرس نے بھی بتایا کہ یہاں کوئی مورتی برآمد نہیں ہوئی ہے کہ بلکہ کافی عرصہ سے یہ مندر اور مورتی یہاں موجود ہے ۔ لیکن کل اچانک مورتی اور مندر کے معاملہ اور نئی مورتی برآمد ہونے کی واٹس اپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اطلاع اور تصویر کے گشت کرنے کے بعد سب کی توجہ اس جانب گئی اور عملہ اور انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ یہاںایسا کچھ نہیں ہوا ہے ۔ انتظامیہ اور پولیس نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر من گھڑت کہانی گشت کی جا رہی ہے اور ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا ۔