نتیش کمار کی بحیثیت چیف منسٹر بہار آج حلف برداری

,

   

۔17 وزرا ء کی شمولیت کا امکان‘ ڈپٹی چیف منسٹر کے نام پر تجسس برقرار

پٹنہ: نتیش کمار نے این ڈی اے کے لیڈر کی حیثیت سے گورنر بہار پھاگو چوہان کو این ڈی اے کی چاروں حلیف جماعتوں کی جانب سے دی گئی حمایت کا مکتوب حوالے کیا اور حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا جس پر گورنر نے انہیں حکومت سازی کی دعوت دی ۔نتیش کمار 16 نومبر یعنی پیر کی شام 4.30 بجے ساتویں مرتبہ وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے جس کیلئے زور و شور سے تیاریاں شروع کی گئی ہیں۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ حلف برداری تقریب میں تقریباً 16 یا 17 وزراء کو بھی حلف دلایا جائے گا، لیکن یہ بات ابھی واضح نہیں ہوسکی ہے کہ سشیل کمار مودی ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے یا نہیں۔ گورنر سے ملاقات کے بعد نتیش کمار نے بتایا کہ اتوار کی رات یا پیر کی صبح وزراء کی فہرست کو قطعیت دی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے نام کو بھی ابھی قطعیت نہیں دی گئی ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی چیف منسٹر کی قیام گاہ پر منعقدہ این ڈی اے کے اجلاس میں موجود تھے۔ بعد میں انہوں نے راج بھون میں ملاقات کے موقع پر بھی اس موضوع پر کوئی بات نہیں کی۔ وکاس شیل انسان پارٹی کے سربراہ مکیش سہانی نے اس موقع پر کہا کہ پیر کو 16 یا 17 وزراء کو بھی حلف دلایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جنتا دل (یو) اور بی جے پی کے 7 ، 7 وزراء ہوں گے جبکہ جیتن رام مانجھی کی ہندوستانی عوام مورچہ سکیولر کے علاوہ وکاس شیل انسان پارٹی کا ایک ایک وزیر بھی ہوسکتا ہے۔ قبل ازیں حلف برداری سے متعلق راہ ہموار کرتے ہوئے آج نتیش کمار نے گورنر پھاگو چوہان سے ملاقات کی اور حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔ان کے ساتھ جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے ریاستی صدر وششٹھ نارائن سنگھ ،بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے جیسوال، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے صدر جیتن رام مانجھی اور وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے صدر مکیش سہانی بھی موجود تھے۔گورنر سے ملاقات کے دوران بی جے پی کے سنیئر لیڈر سشیل کمار مودی وہاں موجود نہیں تھے۔ وہ این ڈی اے کی میٹنگ ختم ہونے کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، بہار بی جے پی انچارج بھوپیندر یادو، انتخابی انچارج دیویندر فڈنویس اور مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیا نند رائے کے ساتھ میٹنگ میں مصروف تھے۔ غور طلب ہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ رہائش گاہ میں آج اجلاس ہوا ۔ چاروں حلیف جماعتوں کی جانب سے نتیش کمار کو اتفاق رائے سے این ڈی اے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔اس اتحاد کو بہار کی 243 رکنی اسمبلی میں 125 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ نومنتخبہ ارکان اسمبلی کے اجلاس میں نتیش کمار کے نام کو قائد مقننہ کی حیثیت سے قطعیت دی گئی۔ بی جے پی قائد و وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے نتیش کمار کے نام کا اعلان کیا۔