نشانے بازی میں اقامتی اسکولس کو 8 میڈلس

   

حیدرآباد 19 ۔ اگست (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ سوسائٹی سے وابستہ اقامتی اسکولس کے 6 طلبہ نے رائفل شوٹنگ ٹورنمنٹ میں 8 میڈلس حاصل کرتے ہوئے سوسائٹی کا نام روشن کیا ہے۔ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اقامتی اسکولوں کے 21 طلبہ نے گچی باؤلی میں 10 میٹر ، 25 میٹر اور 50 میٹر کی تلنگانہ اسٹیٹ اوپن رائفل شوٹنگ چمپین شپ 2019 ء میں حصہ لیا ۔ 6 طلبہ کو 2 گولڈ ، 4 سلور اور 2 برانز میڈلس حاصل ہوئے۔ محمد سلمان پرکالا بوائز 1 اسکول نے 10 میٹر زمرہ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ حاجی عبدالرشید صنعت نگر بوائز اسکول کو 10 میٹر میں سلور میڈل حاصل ہوا۔ روی تیجا گوڑ دیور کنڈہ بوائز اسکول نے 10 میٹر جونیئر مقابلہ میں سلور میڈل حاصل کیا۔ نائلہ انور بہادر پورہ گرلز اسکول نے 10 میٹر مقابلہ میں گولڈ اور سلور میڈلس حاصل کئے۔ شیرین سومیا گولکنڈہ گرلز اسکول کو جونیئر زمرہ میں برانز اور سلور میڈلس جبکہ نائلہ انور گولکنڈہ 2 اسکول کو خواتین کے زمرہ میں برانز میڈل حاصل ہوا۔ بہتر کارکردگی کی بنیاد پر 11 طلبہ کو گیارھویں ساؤتھ زون شوٹنگ چمپین شپ 2019 ء کیلئے منتخب کیا گیا ہے جو ڈسٹرکٹ رائفل اسوسی ایشن کیرالا کی جانب سے منعقد ہوگی۔ منتخب طلبہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں ۔ بی شفیع اللہ نے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ دیگر طلبہ کے لئے مشعل راہ ثابت ہوں گے ۔