حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری(سیاست نیوز) آندھراپردیش میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی بائیں بازو پارٹیوں کے ساتھ مفاہمت کی تیاری کر رہی ہے ۔ صدر پردیش کانگریس وائی ایس شرمیلا نے آج سی پی آئی اور سی پی ایم قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے نشستوں پر مفاہمت کے امکانات کا جائزہ لیا ۔ وجئے واڑہ کے آندھرا رتنا بھون میں منعقدہ اجلاس میں بائیں بازو کی پارٹیوں نے اسمبلی اور لوک سبھا کیلئے اپنے نشستوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ شرمیلا نے کہا کہ کانگریس اور بائیں بازو کی پارٹیاں انتخابی مفاہمت کے ذریعہ مقابلہ کرتے ہوئے بہتر نتائج کی امید کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشستوں کے بارے میں کانگریس ہائی کمان کا فیصلہ قطعی رہے گا۔ شرمیلا نے کہا کہ عنقریب راؤنڈ ٹیبل اجلاس منعقد کرتے ہوئے آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ جگن موہن ریڈی نے آندھراپردیش کو دارالحکومت سے محروم رکھا ہے۔ عوام کی جدوجہد کے باوجود دارالحکومت کو قطعیت نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کے مفادات کے تحفظ میں جگن موہن ریڈی ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس برسر اقتدار ہوتی تو آندھراپردیش کو خصوصی موقف حاصل ہوچکا تھا۔ کانگریس کی جانب سے آئندہ ہفتہ اننت پور میں جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں بائیں بازو جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے۔ 1