نظام آباد: میلاد جلوس اور گنیش اتسو کیلئے پولیس کے سخت انتظامات

   

میلاد کمیٹی نظام آباد کے ذمہ داران اور پولیس عہدیداران کا اجلاس، اے سی پی کرن کمار کا خطاب

نظام آباد:27/ستمبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آج مرکزی میلاد کمیٹی نظام آباد کے ذمہ داران کے ہمراہ محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا. اے سی پی نظام آباد کرن کمار نے ایس ایچ او ون ٹاون وجئے بابو کے ہمراہ اس اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے میلاد کمیٹی کے ذمہ داران سے تبادلہ خیال کیا اور کل 28/ستمبر کو عید میلاد النبی کے موقع پر شہر میں نکالے جانے والے جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کے گزرنے والے راستوں کے روڈ میاپ اور جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا. اس دوران صدر میلاد کمیٹی نظام آباد و مولانا کریم الدین کمال نے اے سی پی کرن کمار کو بتایا کہ جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کا معمولی سا راستہ کی تبدیلی کے ساتھ آغاز ٹھیک صبح 8 بجے شہر کے مرکزی ادارے الجامعتہ الرضویہ انوارلعلوم ہاشمی کالونی سے کیا جائے گا. یہ جلوس محمدی براہ پیلا اسکول. مالاپلی. بودھن ڈاکٹر صمدانی مستعید پورا سے گزرتا ہوا احمد پورہ کالونی. نصیر چوراہے سے نظام آباد ہوٹل. مکہ مسجد سے محمدیہ کالونی محمدیہ مسجد سے قلعہ روڈ سے ہوتا ہوا جوبلی چوراہے سے احمدی بازار سے براہ ایور گرین ہوٹل احمدی بازار سے ہوتا ہوا نہرو پارک پر تقریباً دوپہر 12 پہنچ جائے گا مابعد علماء کرام کے خطابات دورد و سلام کے بعد جلوس کا اختتام ہوگا۔ساتھ ہی ساتھ میلاد کمیٹی کے ذمہ داران نے جلوس میں شامل رہنے والے تمام شرکاء بالخصوص نوجوانوں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈی جے اور بھاری ساونڈ سسٹم بنا سائلنسر والی گاڑیوں کے ساتھ جلوس میں شامل ہونے پر سخت امتناع رکھا ہے مزید جلوس میں شامل کسی بھی شخص بالخصوص نوجوانوں کو غیر مسلم علاقوں میں جلوس کی شکل میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی. صدر میلاد کمیٹی محمد عبدالرشید رضوی و دیگر ذمہ داران کمیٹی نے کہا کہ کسی بھی قسم کی شرارت یا غیر اخلاقی اور غیر قانونی حرکت کے وہ خود ذمہ دار رہیں گے. اس موقع پر اے سی پی کرن کمار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں گنیش اتسو و عید میلاد النبی اور جلوس محمدی کے پیش نظر دونوں تہواروں کے پرامن اختتام کیلئے ضلع انتظامیہ و محکمہ پولیس کی جانب سے سخت صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔اس اجلاس میں ون ٹاون یس ایچ او وجئے بابو. صدر میلاد کمیٹی محمد عبدالرشید رضوی. مولانا کریم الدین کمال.نائب صدور میلاد کمیٹی محمد مظہر رضا. محمد جمیل رضا. مجیب رضا. صدر عیدگاہ مدینہ غلام حسین رضوی. سید ساجد رضا خازن. نائب صدر عیدگاہ مدینہ احمد پاشاہ رضوی. عبدالقادر رضوی سجادہ نشین کمال شاہ بیابانی. جاوید رضا خان اظہری. حافظ ایوب علی رضوی. حافظ غلام محی الدین رضوی. مولانا شاہد رضا. و دیگر ذمہ داران اہلسنت و الجماعت نظام آباد موجود تھے.۔