نظام آباد میں اسپائس بورڈ نہیں ہلدی بورڈ چاہئے

   

ٹی آر ایس رکن اسمبلی جیون ریڈی کا مطالبہ
نئے بورڈ سے کسانوں کوکوئی فائدہ نہیں
حیدرآباد ۔5۔ فروری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن اسمبلی جیون ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ہلدی بورڈ کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن مرکز نے اسپائس بورڈ تشکیل دیا ہے ۔ نظام آباد کے کسانوں کو اسپائس بورڈ سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ لہذا ہلدی بورڈ تشکیل دیا جائے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ ملک میں جس طرح کافی اور دیگر اشیاء کے بورڈ موجود ہے، اسی طرح تلنگانہ کے کسانوں نے ہلدی بو رڈ کے قیام کا مطالبہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اسپائس بورڈ کا قیام پہلی مرتبہ نہیں ہے ۔ سابق میں ورنگل میں اس طرح کا بورڈ قائم کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں موجود بورڈ کسانوں کیلئے فائدہ مند ثابت نہیں ہوا ۔ نظام آباد میں اسپائس بورڈ کا علاقائی دفتر قائم کرنے کا ا علان کسانوں کے لئے فائدہ مند نہیں ہے۔ انتخابات سے قبل بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے ہلدی بورڈ کے قیام کے لئے بانڈ پیپر پر دستخط کئے تھے ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ ہلدی بورڈ کے قیام میں ناکامی پر اروند کو مستعفی ہونا چاہئے ۔ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے اسپائس بورڈ کا قیام عمل میں آرہا ہے ۔ اروند نے کہا تھا کہ انتخابات کے بعد پانچ دنوں میں ہلدی بورڈ قائم کردیا جائے گا لیکن اروند نے تلنگانہ کے کسانوں کو دھوکہ دیا ہے۔