نظام آباد میں ریلوے کے کاموں کے سبب

   

انڈر پاس کا ایک حصہ ٹریفک کیلئے بند : پولیس کمشنر

نظام آباد۔13 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد شہر میں کنٹیشور ریلوے انڈر پاس کی توسیع اور ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے ڈبل ٹریک کاموں کے پیش نظر 16؍ اکتوبر سے تقریباً 45 دن تک انڈر پاس کے ایک حصے کو ٹریفک کے لئے بند رکھا جائے گا۔ پولیس کمشنر نظام آباد پی سائی چیتنیا نے شہریوں اور گاڑیوں کے ڈرائیورس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مدت کے دوران متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آرمور، نرمَل، عادل آباد، کریم نگر، کاماریڈی اور حیدرآباد کی سمت سے نظام آباد شہر میں داخل ہونے والی گاڑیاں کنٹیشور بائی پاس، می سیوا کنٹیشور اور کام مکمل ہوچکے ریلوے انڈر پاس سے ہوتے ہوئے این ٹی آر چوراہے پہنچیں اور وہاں سے دائیں جانب مڑ کر ریلوے اسٹیشن کے سامنے سے بس اسٹانڈ کی طرف روانہ ہوں۔ اسی طرح نظام آباد سے آرمور، کریم نگر، عادل آباد، نرمَل، کاماریڈی اور حیدرآباد جانے والی گاڑیاں دیوی روڈ ریلوے فلائی اوور استعمال کرتے ہوئے دبہ شیواجی مجسمہ اور دبہ روڈ سے گزریں۔ دبہ چوراہے پر شری مہالکشمی مندر کے قریب بائیں جانب مڑ کر خانہ پور چوراہے پہنچا جاسکتا ہے، جبکہ مہالکشمی مندر سے سیدھے جی جی کالج کے یو ٹرن تک جاکر بائی پاس کا راستہ بھی اختیار کیا جاسکتا ہے، جہاں سے کنٹیشور ڈی ایس چوراہے پہنچنے کی سہولت رہے گی۔ حیدرآباد اور کاماریڈی جانے والے گاڑیوں کے لیے این ٹی آر چوراہے، کورٹ چوراہے اور پھولانگ چوراہے سے ہوتے ہوئے مادھو نگر ریلوے گیٹ عبور کرکے مادھو نگر بائی پاس کے ذریعہ حیدرآباد روڈ تک پہنچنے کا متبادل راستہ بھی تجویز کیا گیا ہے۔ بودھن، بانسواڑہ اور ورنی جانے والی گاڑیاں حسب معمول پرانے راستے سے آمدورفت جاری رکھ سکتی ہیں۔ پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تعمیراتی کام کی تکمیل تک متبادل راستوں کی پابندی کریں اور ٹریفک کے نظم و ضبط میں پولیس سے تعاون کریں۔ کسی بھی ہنگامی ضرورت یا رہنمائی کے لیے نظام آباد آر ٹی سی کنٹرول روم کے نمبر 9959226022، پولیس کنٹرول روم کے موبائل نمبر 8712659700 یا لینڈ لائن 08462-226090 اور ٹریفک پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے نمبر 8712659842 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔