نظام آباد کے مسلم علاقوں میں بنیادی سہولتوں کا فقدان

   

ڈرینج کے پانی کی نکاسی کا مسئلہ سنگین‘ کانگریس قائدین کی کمشنر بلدیہ سے نمائندگی
نظام آباد۔ 28؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ نظام آباد بلدی حدود میں واقع مسلم ڈویژنوں بالخصوص سلم علاقوں میں بنیادی ضرورتوں کی فراہمی تعمیری و ترقیاتی کاموں کو انجام دینے، منظورہ زیر التواء کاموں کو مکمل کرنے، صاف صفائی کا بہتر نظم کرنے، آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام،کے علاوہ بلدیہ کے عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ اجلاسوں و پروگراموں میں غیر مجاز طورپر خود ساختہ انچارج کارپوریٹرس و نمائندہ کارپوریٹرس کی شرکت و پروٹوکال کی خلاف ورزی اور اختیار ات کا بے جا استعمال کرنے کے خلاف سینئر کانگریس قائد سید نجیب علی ایڈوکیٹ کی قیادت میں کانگریس قائدین کا ایک وفد کمشنر بلدیہ مندامکراند سے ملاقات کرتے ہوئے نمائندگی کی اور پروٹوکال و اختیارات کے بے جا استعمال کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کیا اور بلدی عہدیداروں کی مجرمانہ خاموشی پر شدید تنقید کی۔ اس موقع پر سینئر قائد سید نجیب علی نے کمشنر بلدیہ سے کہاکہ بلدی ڈویژن 10، 11، 12، 13کے علاوہ دیگر مسلم گنجان آبادی والے و نوآبادیاتی علاقوں میں گندے پانی کی نکاسی کیلئے نالیوں کی تعمیر، پینے کے پانی کیلئے پائپ لائن بچھانے، یوجی ڈی کے نامکمل کاموں کو تکمیل کرنے، احمدی بازار کمرشیل کامپلکس کی ملگیات کو الاٹمنٹ کرنے، سڑکوں پر آوارہ جانوروں سے ہورہی مشکلات و حادثات کے سدباب کیلئے اقدامات کرنے، ضرورت کے مطابق برقی پولس منظور کرتے ہوئے نصب کرنے، ماڈرن سلاٹر ہاؤز کے قیام کو یقینی بنانے، بابن صاحب پہاڑی بریج کی تعمیر کو جلد مکمل کروانے کیلئے عملی اقدامات پر زور دیااور کہاکہ ایک ماہ بعد ماہ رمضان کا آغاز ہوگا اور اس کے بعد موسم برسات کے آغا ز سے قبل اسٹرام واٹر ڈرین بالخصوص ڈی 54کنال کی صفائی کے کاموں کو جلد مکمل کرنے اور نشیبی علاقوں و بودھن روڈ پر برساتی پانی کی نکاسی کیلئے فوری سروے کرتے ہوئے عملی اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ مسلم علاقوں و بلدی ڈویژنوں کا دورہ کرتے ہوئے بلدی مسائل و عوامی ضروریات کا جائزہ لیتے ہوئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ کمشنر بلدیہ مندامکراند نے کہا کہ انڈر گراؤنڈ ڈرینج کا نظام شہر میں پیچیدہ اور سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے۔ یوجی ڈی کے تحت گھروں کو کنکشن دینے کے لئے 162کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں جس کے لئے ٹینڈرس طلب کیاجانا باقی ہے۔ کانگریس قائدین اشفاق احمد خان پاپا، جاوید اکرم،محمد سمیع الدین، کارپوریٹر ہارون خان، سابقہ کارپوریٹر مجاہد خان نے بھی عوامی مسائل کو حل کرنے، ترقیاتی کاموں کو انجام دینے اور عہدیداروں کی ناقص کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر بلدیہ مہیشور ریڈی، میونسپل سکریٹری سری پد رامیشور، انجینئر مرلی موہن، اسسٹنٹ انجینئر عنایت کریم، ہیلت آفیسر ساجد علی، ریونیو آفیسر نریندر بھی موجود تھے۔