ترقیاتی کاموں پر عہدیداروں سے میئر کی بازپرس، پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات
نلگنڈہ ۔26 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نلگنڈہ میونسپل کارپوریشن کے عام اجلاس میں عوامی مسائل بالخصوص پینے کے پانی ، برقی اور زیر زمین نکاسی آب کے اُمور پر تفصیلی اور گرما گرم بحث ہوئی۔ مختلف ڈیویژنوں کے کارپوریٹرس نے مطالبہ کیا کہ شہری علاقوں میں درپیش بنیادی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو راحت فراہم ہوسکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر بری چیتنیہ سرینواس ریڈی نے کہا کہ گرمیوں کے موسم میں پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے مسلسل کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے تعاون سے ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جارہی ہے۔اجلاس کے دوران کئی عوامی نمائندوں نے مختلف ڈیویژنوں میں زیرِ التواء ترقیاتی کاموں پر متعلقہ عہدیداروں سے سخت باز پرس کی۔ بعض کارپوریٹرس نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔میئر نے برقی سربراہی کے مسئلہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کم اولٹیج کے باعث برقی کی فراہمی متاثر ہورہی ہے تاہم جلد ہی نئے سب اسٹیشن قائم کیے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈیویژنوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں اور پانی اسکیم کے ذریعے ہر گھر تک صاف پانی پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق نلگنڈہ شہر کی بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی بہتری میونسپل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں ڈپٹی میئر محمد اشرف علی عامر کے علاوہ دیگرکارپوریٹرس اور میونسپل عہدیدار شریک تھے۔