نلگنڈہ کو ریاست کیلئے ماڈل سٹی کے طور پر فروغ دیا جائیگا

   

آر ٹی سی بس اسٹانڈ کی توسیع و جدید کاری کے منصوبہ کا سنگ بنیاد ، ریاستی وزیر و دیگر کا خطاب

نلگنڈہ۔24جون(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت ضلع نلگنڈہ بالخصوص نلگنڈہ حلقہ کو ہمہ جہت ترقی دے کر ریاست کے لیے ایک مثالی سٹی کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات نلگنڈہ آر ٹی سی بس اسٹنڈ کی توسیع اور جدید کاری کے منصوبے کے سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر عمارات و شوارع سنیماٹو گرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتائی۔وزیر موصوف نے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے کی لاگت سے انجام دیے جانے والے بس اسٹنڈ کی توسیع و جدید کاری کے کاموں کا افتتاح کیا اور دو نئی سٹی بس خدمات کا بھی آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی خواتین کو خریداری اور دیگر ضروری امور کے لیے آمدورفت میں دشواریوں کا سامنا تھا جس کے پیش نظر سٹی بس سروس شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل کالج کے طلبہ و طالبات جو اب تک ہسپتال پہنچنے کے لیے آٹو رکشوں پر انحصار کرتے تھے آئندہ سٹی بسوں میں مفت سفر کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ریاستی وزیرکومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ سٹی بس خدمات کو چیروگٹہ تا ایس ایل بی سی اور دھرویش پورم تا دپّلا پلی روٹس پر بھی چلانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نلگنڈہ کے لیے مزید 30 بسیں مختص کی گئی ہیں۔وزیر نے کہا کہ 56 خواتین خود امدادی گروپوں کے زیر انتظام ایس ایل بی سی کے مقام پر پٹرول پمپ اندرا مہیلا شکتی کینٹین اور ایک جدید ریسٹورنٹ قائم کیا جائے گا۔ بس اسٹنڈ کی توسیع کے تحت نئے ٹکٹ کاؤنٹرس ویٹنگ گارڈن غسل خانہ بیت الخلاء اور جدید پلیٹ فارمس تعمیر کیے جائیں گیجبکہ ان ترقیاتی کاموں پر مزید پانچ کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے 83 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید واٹر فلٹریشن نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صفائی خوبصورتی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ نلگنڈہ کو ایک مثالی اور ترقی یافتہ شہر میں تبدیل کیا جائے گا۔اس موقع پر آر ٹی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر قریشی شاہ خان میئر بوری چیتنیہ سرینواس ریڈی ریاستی محکمہ منصوبہ بندی و مالیاتی سکریٹری گورو اْپل ضلع کلکٹر بی چندر شیکھر ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شرت چندر پاور ڈپٹی میئراشرف علی عامر اور دیگر عہدیدار موجود تھیں۔